شارجہ میں غیر قانونی مساج سنٹرز کے ایڈورٹائزمنٹ کارڈ اور سٹیکرزچھاپنے پر 25افراد گرفتار

پولیس کی کریک ڈاؤن مہم کے دوران پرنٹنگ سے متعلقہ 13ادارے بھی بند کر دیئے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 22 جولائی 2020 12:14

شارجہ میں غیر قانونی مساج سنٹرز کے ایڈورٹائزمنٹ کارڈ اور سٹیکرزچھاپنے ..
 شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 2 جولائی 2020ء) شارجہ سمیت امارات میں اکثر افراد پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں اور دیگر مقامات پر کسی مساج سنٹر یا مصنوعات کی تشہیر کے وزٹنگ کارڈ لگاتے پھرتے ہیں، اور اکثر مقامات پر اسٹیکر بھی لگا دیتے ہیں جو کہ ایک خلاف قانون حرکت ہے۔ شارجہ پولیس نے غیر قانونی مساج سنٹرز کے ایڈورٹائزمنٹ کارڈ ز اور سٹیکرز چھاپنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔

گلف نیوز کے مطابق پولیس نے غیر قانونی مساج سنٹرز اور دیگر غیر قانونی کاروباروں کے لیے تشہیری مواد چھاپنے پر 13 کاروباری ادارے اور ایک گودام سِیل کر دیا ہے اور 25 افراد کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔ پولیس کی مختلف کارروائیوں کے دوران پانچ لاکھ سے زائد تشہیری کارڈز اور سٹیکرز بھی ضبط کر لیے گئے، جنہیں مختلف رہائشی علاقوں میں تقسیم کیا جانا تھا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ پرنٹنگ میں استعمال ہونے والے آلات اور 250 موبائل فون سمز بھی قبضے میں لے لیں۔ شارجہ پولیس کی اس کارروائی میں شارجہ اکنامک ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے بھی حصہ لیا۔ شارجہ پولیس کے سی آئی ڈی شعبہ کے ڈائریکٹر بریگیڈئیر ابراہیم العاجل نے بتایا کہ اکثر افراد گھروں، اپارٹمنٹس ، ولاز کے دروازوں اور گاڑیوں کے شیشے پرمختلف مصنوعات اور مساج سنٹرز کے واہیات تشہیری کارڈز لگا دیتے ہیں یا سٹیکرز چسپاں کر دیتے ہیں۔

جو کہ مکینوں کے لیے بھی شرمندگی کا باعث بنتا ہے۔ اس غیر قانونی کام میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں کی جاتی ہیں۔ تازہ ترین کریک ڈاؤن میں ان پرنٹنگ اداروں کو ہدف بنایا گیا ہے جو مساج سنٹرز اور دیگر غیر قانونی کاروباری مراکز کی تشہیر کے لیے ایڈورٹائزمنٹ کارڈ اور اسٹیکرز چھاپتے ہیں۔ آئندہ دنوں میں اس غیر قانونی حرکت میں ملوث مزید ایسے پرنٹنگ اداروں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے گا۔