سندھ ہائی کورٹ نے برسات میں شہر ڈوبنے کے حوالے سے کے ایم سی، ڈی ایم سی اور دیگر کی رپورٹس مسترد کردیں

عدالت نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، کے ایم سی،ڈی ایم سی اور دیگر اداروں سے 13 اگست کو تفصیلی رپورٹ طلب کرلی

بدھ 29 جولائی 2020 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2020ء) سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں کچرا اٹھانے اور برسات میں شہر ڈوبنے کے حوالے سے کے ایم سی، ڈی ایم سی اور دیگر کی رپورٹس مسترد کردیں،عدالت نے ریمارکس دیئے کے آپ لوگ لوگوں کی جانوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں عدالت نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، کے ایم سی،ڈی ایم سی اور دیگر اداروں سے 13 اگست کو تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

سندھ ہائیکورٹ میں ڈسٹرکٹ سینٹرل سے کچرا نہ اٹھانے اور برسات کیبعد شہر میں نکاسی آب کا نظام متاثر ہونے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت اور بلدیاتی اداروں پر برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کے آپ لوگ لوگوں کی جانوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں ہمیں سب پتا ہے ہم اسی شہر میں رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی میں لوگوں کی زندگی اور مال سب خطرے میں ہے اداروں نے سب کی زندگی خطرے میں ڈال دی ہے۔

عدالت نے مزید ریمارکس دیئے کے عدالتی حکم کے باوجود شہر کا کچرا نہیں اٹھایا گیا کراچی کا کچرا بارش کے بعد سڑکوں پر تیر رہا ہر طرف غیر قانونی تعمیرات اور کچرا نہ اٹھانے کی وجہ سے کراچی ڈوب گیا کراچی کا ڈوبنا بڑا المیہ ہے مگر اس پر کسی کو احساس تک ہی نہیںجس پر کے ایم سی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کے کراچی کا کچرا اٹھانا سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ذمہ داری ہے کے ایم سی کی ذمہ داری نہیں ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کے ہر ادارہ ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالتا ہے کسی نے دیکھا کراچی میں گاڑیاں بارش کے پانی میں ڈوبی ہوئیں تھیں۔

لوگ گھروں سے اپنے بچوں کو نہیں نکال پا رہے تھے برسات میں لوگوں کے گھر اور سامان سب تباہ ہوگیا۔عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ عید قرباں پر الائیشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے مشینری یا کوئی ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں یا پھرجیسے پہلے سب ہوتا رہا ہے پورے شہر کو 5افراد صاف کریں گے وہ ہی ہوگا،جس پر سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کے حکومت نے متعلقہ اداروں کو فنڈ فراہم کرنے ہیں، الائیشوں کو ٹھکانے لگانے کا بندوبست کیا جائے گا عید قرباں پر الائیشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے پرائیویٹ کنٹریکٹر کو ٹھیکہ دے دیا گیاہے۔

عدالت نے کہا کہ ہمیں عید قرباں پر الائیشوں کو ٹھکانے لگانے کے حوالے سے حکومتی کارکردگی نظر آنی چاہیے ہمیں تفصیلی جواب چاہییکراچی میں برسات سے پہلے اور برسات کے بعد اداروں کی جانب سے کیا کیا اقدامات کیے گئے تھے عدالت نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، کے ایم سی، ڈی ایم سی اور دیگر اداروں سے 13 اگست کو تفصیلی رپورٹ طلب کرلی