حریت فورم کی کشمیری عوام سے 5اگست کو یوم سیاہ کے طورپرمنانے کی اپیل

جمعہ 31 جولائی 2020 21:00

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2020ء) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے کشمیری عوام پر زور دیا ہے کہ وہ 5 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت فورم نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیا کہ گذشتہ سال 5 اگست کوبھارتی حکومت نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر کے اسے دو یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کردیاتھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا واحد مقصد جموںوکشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو ختم کرنا ہے جو کہ کشمیری عوام کیلئے انتہائی تشویش کی بات ہے۔حریت فورم نے کشمیری عوام سے کہا ہے کہ باخبر اور چوکس رہیںاور کسی بھی قیمت پر غیر کشمیریوںکو اپنی اراضی اور املاک فروخت نہ کریں۔

(جاری ہے)

فورم نے مزید کہاکہ لوگوں کوکشمیری شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کیا ہے ۔حریت فورم نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی بند کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔ حریت فورم نے امت مسلمہ کو عیدالاضحی کی مبارکباد بھی دی ہے۔