اس عید قرباں پر سنت ابراہیمی کو ادا کرتے ہوئے ضرورتمند وں اور غریبوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنانہ بھولیں، صوبائی وزیر عبدالباری پتافی

جمعہ 31 جولائی 2020 23:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2020ء) صوبائی وزیر برائے لائیو اسٹاک اینڈ فشریز عبد الباری پتافی نے دنیا بھر کے مسلمانوں بالخصوص اہل وطن کو دلی عید مبارک دیتے ہوئے کہا کہ اس عید قرباں پر سنت ابراہیمی کو ادا کرتے ہوئے ضرورتمند وں اور غریبوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنانہ بھولیں۔ عید پر نہ صرف خوبصورت جانور کو قربان کریں بلکہ قربانی کا گوشت غریب لوگوں تک بھی پہچائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حضرت ابراہیم نے اپنے بیٹے کو قربان کرنے کا عزم کرکے اور بیٹے نے اطاعت کی زریں مثال قائم کرکے جو امت تیار کی اس کی خصوصیت ہی یہ رہی ہے کہ وہ آزاد ذہن کے ساتھ زمینی حقائق کا ادراک رکھتی تھی جس کی کمی آج زیادہ محسوس کی جارہی ہے۔ ہم اگر اصولوں ، قوانین اور معاشرتی ضابطوں پر عمل کرتے ہوئے اپنے معاشرے کو سنواریں اور اپنی ذات کو اسوہ ابراہیم اور اطاعت اسماعیل کی روشنی میں ڈھالیں تو یقینا اس صدی میں بھی ہم ایک مہذب معاشرہ قائم کرنے میں باآسانی کامیاب ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں سیدہ شہلا رضا نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید کے موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی اپنی دعائوں میں یاد رکھیں جو حق خودارادیت کی جنگ لڑرہے ہیں، اللہ ان کو اپنے مقاصد میں کامیاب کرے، آمین۔ پاکستان مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں مارض وجود میں آیا تھا اور اس کو معاشی طور پر مزید مستحکم ، مضبوط اور خوشحال بنانے کے لئے بھی ہمیں ایثار و سنت ابراہیمی کی پیروی کرنا ہوگی۔

وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسیز ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے اپنے پیغام میں کہا ہے ک آج کے اس مبارک دن ہم یہ دعا کریں کہ اللہ پاک اس دنیا اور بالخصوص پاکستان کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر اپنے غریب بھائیوں کو یاد رکھیں اور انہیں اپنی خوشیوں میں برابر کاشریک کریں۔