بھارتی پولیس نے کشمیر ی صحافی قاضی شبلی کی دوبارہ گرفتار کر لیا

ہفتہ 1 اگست 2020 13:45

سرینگر ۔ یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2020ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے معروف صحافی قاضی شبلی کو دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قاضی شبلی قبل ازیں کالے قانون پبلک سفیٹی ایکٹ کے تحت بھارتی ریاست اتر پریس کی بریلی جیل میں نو ماہ تک نظر بند رہ چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے گزشتہ برس جولائی کے آخری ہفتے میں اپنے ایک ٹویٹ میں مقبوضہ کشمیر میں اضافی بھارتی فورسز اہلکاروں کی تعیناتی کی اطلاع دی تھی جس پر انہیں گرفتار کر کے ان پر کالا قانون ’پی ایس اے‘‘ لاگو کیا گیا تھا ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق قاضی شبلی کے ایک رشتہ دار نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ شبلی کو سرینگر کے سائبر پولیس تھانے میں حراست میں رکھا گیا ہے ۔ جنوبی کشمیر میں قائم ’’ نیو ز پورٹل‘‘ ’دی کشمیریات‘ جس کے ساتھ قاضی شبلی وابستہ ہے کے مطابق پولیس نے انہیں فون کر کے سائبر تھانے میں بلا یا اور جب وہ وہاں چلے گئے تو انہیں حراست میںلیا گیا۔ نیوز پورٹل کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ پتہ نہیں چلا سکا کہ قاضی شبلی کو کس بنا پر حراست میں لیا گیا۔