انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس نے نماز عید الاضحی ریلوے پولیس لائن میں ادا کی

ہفتہ 1 اگست 2020 19:55

لاہور۔یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2020ء) انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس عارف نواز خان نے عید کی نماز ریلوے پولیس لائن لاہو میں ادا کی۔ عید کی نماز کے بعد آئی جی نے ریلوے پولیس ملازمین سے عید ملی اور اپنی ڈیوٹی فرض شناسی و ایمانداری سے ادا کی ہدایات دیں۔ اس موقع پر آئی جی ریلوے پولیس کا کہنا تھا کہ عید الاضحی کے موقع پر ریلوے پولیس ملازمین اپنے گھر والوں سے دور رہتے ہوئے ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے پولیس کی جانب سے ملک بھر کے تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔عید اسپیشل ٹرینوں میں ریلوے پولیس گشت ملازمین کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور ریلوے اسٹیشنوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر ریلوے پولیس کمانڈوز کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عارف نواز خان نے مزید کہا کہ ریلوے مسافروں کی جان و مال کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے اور کرونا وائرس کے پیش نظر حکومتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کروایا جائے۔

اس کے علاوہ آئی جی ریلوے پولیس کی خصوصی ہدایات پر ملک بھر کی تمام ریلوے پولیس لائنز میں ریلوے پولیس ملازمین کے لئے بڑے کھانے کا انتظام کیا گیا اور ڈیوٹی پر مامور ریلوے پولیس اہلکاروں تک لنچ باکسز بھی پہنچائے گئے۔