ملک بھر میں کل یوم استحصال منایا جائے گا

وزیراعظم پاکستان عمران خان مظفرآباد میں قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب، ریلی کی قیادت کریں گے

منگل 4 اگست 2020 11:20

ملک بھر میں کل یوم استحصال منایا جائے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2020ء) بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019ء کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمہ کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کے خلاف ملک بھر میں کل بدھ کو یوم استحصال منایا جائے گا۔ اس موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے وزیراعظم پاکستان عمران خان مظفرآباد میں قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے اور مظفرآباد میں ہی ریلی کی قیادت کریں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اسلام آباد میں کشمیریوں کی حمایت میں ریلی کی قیادت کریں گے۔ شہر شہر قریہ قریہ اس اقدام کے خلاف ریلیاں نکالی جائیں گی۔ بزرگ حریت رہنما سیّد علی گیلانی کو نشان پاکستان دینے کا اعلان کیا جائے گا۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر صدر، وزیراعظم، چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ، گلگت بلتستان کے نگران وزیراعلیٰ، صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر کے خصوصی پیغامات نشر یا شائع کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے موقع پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے اور ٹریفک روک دی جائے گی۔ چاروں صوبوں گلگت بلتستان میں گورنر اور وزیراعلیٰ کی قیادت میں کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے یکجہتی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ اس دن یوم استحصال منانے کا مقصد دنیا کو بھارت کے 5 اگست 2019ء کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام اور اس کی آڑ میں ایک سال سے کشمیر میں جاری فوجی محاصرے اور ظلم و بربریت سے آگاہ کرنا ہے۔

صبح 10 بجے سائرن بجائے جائیں گے۔ اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو سیکرٹری جنرل کے نام یادداشت بھی پیش کی جائے گی۔ وزارت پوسٹل سروسز کی جانب سے خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کیا جائے گا جس میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میںبھارتی فوج کے ظلم سے نانا کی شہادت کے بعد اس کی میت کے اوپر بیٹھے اس کے تین سالہ نواسے کی تصویر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لئے چھاپی گئی ہے۔ دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں میں اس دن کے حوالے سے خصوصی تقریبات ہوں گی۔ یہ دن کشمیر کی تاریخ کا ایک اور سیاہ ترین دن ہے۔ جب کشمیریوں کو ان کے بنیادی حق اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حاصل خصوصی حیثیت کے خاتمہ کا غیر قانونی اور یک طرفہ اقدام اٹھایا گیا۔