جولائی کے دوران 3ارب 80 کروڑ روپے مالیت کی سمگل شدہ اشیاء کو ضبط کیا گیا، ترجمان ایف بی آر

منگل اگست 13:33

جولائی کے دوران 3ارب 80 کروڑ روپے مالیت کی سمگل شدہ اشیاء کو ضبط کیا گیا، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2020ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جولائی 2020ء میں 3ارب 80 کروڑ روپے مالیت کی سمگل شدہ اشیاء کو ضبط کیا ۔ترجمان ایف بی آر کے مطابق جولائی میں 3ارب 80 کروڑ روپے مالیت کی سمگل شدہ اشیاء کو ضبط کیا گیا جن میں گٹکا ، چھالیہ، خشک دودھ، سگریٹس، ایرانی ڈیزل، ٹائرز، نان ڈیوٹی پیڈ گاڑیاں ، منشیات، کپڑا، سونا اور غیر ملکی کرنسی شامل ہیں۔

جولائی میں ضبط ہونے والی سمگل شدہ اشیاء کی مالیت پچھلے سال جولائی 2019 کی سمگل شدہ اشیاء کی مالیت کی نسبت 143 فیصد زائد ہے۔ پچھلے سال 1ارب 56 کروڑ روپے مالیت کی سمگل شدہ اشیاء ضبط کی گئیں۔ پاکستان کسٹمزنے وزیر اعظم پاکستان کی ہدایا ت کی روشنی اور نئے چیئرمین کی قیادت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں جن میں پولیس، فرنٹیئر فورس، پاکستان رینجرز اور میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی شامل ہیں ، کے تعاون سے پورے ملک باالخصوص کوئٹہ ، پشاور، کراچی، لاہور اور ملتان میں سمگلنگ کی روک تھام کے لئے آپریشنز تیز کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان آپریشنز میں سمگل شدہ اشیا ء کی فروخت و آمدورفت کو روکنا اور ذخیرہ کرنے والے گوداموں میں چھاپے شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق پاکستان کسٹمز سمگلنگ کی روک تھام ، ملکی معاشی استحکام اور مقامی صنعت کے فروغ کے لئے ان آپریشنز کو جاری رکھے گی۔