گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ورلڈ کشمیر فورم کے وفد کی ملاقات

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی بربریت،مسلسل ایک سال سے کرفیو کے نفاذ اور کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیلی کی مذمت

منگل 4 اگست 2020 22:00

گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ورلڈ کشمیر فورم کے وفد کی ملاقات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2020ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ورلڈ کشمیر فورم کے وفد نے گورنرہائوس میں ملاقات کی ۔وفد میں حاجی رفیق پردیسی،انور منصورخان، سید عامر علی،رفیق سلیمان اور راشد عالم بھی شامل تھے ۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی بربریت،مسلسل ایک سال سے کرفیو کے نفاذ اور کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات کی مذمت کی گئی ۔

اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مودی سرکار اپنے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کو دبا نہیں سکتی،بھارت کو کشمیریوں کو ہر حال میں ان کا حق خود ارادیت دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر میں جاری بھارتی مظالم رکوائے اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر اٴْٹھائیں گے۔

ملاقات میں ورلڈ کشمیر فورم کے وفد نے گورنرسندھ کو کراچی کے علاقہ سی ویو پر کشمیر کی آزادی کے حوالہ سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی دعوت دی جسے گورنرسندھ نے قبول کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر کی آزادی کے حوالہ سے ہر فورم پر شرکت کرنا اعزاز سمجھتا ہوں، امید ہے کہ کشمیر جلد آزاد ہوگا اور کشمیری بھائی آزاد فضا میں سانس لے رہے ہوں گے ۔