''ہمالیہ کوریڈور'' نیپال کو گوادر سے ملانے کا چینی منصوبہ پیش کردیا گیا

چینی وزیرِخارجہ وانگ ژی نے عالمی وبا کے خلاف تعاون کو فروغ دینے کیلئے ''گرین کوریڈور'' کے قیام کی تجویز پیش کردی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 4 اگست 2020 20:50

''ہمالیہ کوریڈور'' نیپال کو گوادر سے ملانے کا چینی منصوبہ پیش کردیا گیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04اگست2020ء) : ''ہمالیہ کوریڈور'' نیپال کو گوادر سے ملانے کا چینی منصوبہ پیش کردیا گیا، چینی وزیرِخارجہ وانگ ژی نے عالمی وبا کے خلاف تعاون کو فروغ دینے کیلئے ''گرین کوریڈور'' کے قیام کی تجویز پیش کردی، نیپال، افغانستان کے وزرائے خارجہ اور پاکستان کے وزیر معاشی ترقی کیساتھ 27 جولائی کی ویڈیو کانفرنس میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے عالمی وبا کے خلاف تعاون کو فروغ دینے کیلئے ''گرین کوریڈور'' کے قیام کی تجویز پیش کی۔

اسلام آباد کی تجویز پربیجنگ کی سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے کی توثیق سے وہاں قدم جمانے کے بھارتی امکانات معدوم ہو گئے۔ امریکی تھنک ٹینک جرمن مارشل فنڈ کے سینئر تجزیہ کار اینڈریو سمال کے مطابق چین سی پیک منصوبے کو افغانستان تک توسیع دینے کیلئے تیار ہے، مگر ابھی احتیاط سے کام لے رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اگرچہ اس کی ایک وجہ سکیورٹی صورتحال ہے، تاہم امریکا کیساتھ الجھنیں بھی چینی اندازوں پر اثر انداز ہو رہی ہیں جن میں مخاصمت کا رنگ ایسا رخ اختیار کر چکا ہے جس میں چین کیلئے یہ ممکن نہیں رہا کہ وہ اعتماد کیساتھ افغانستان کے راستے روڈ اینڈ بیلٹ منصوبہ یہ سوچ کر مکمل کرے کہ واشنگٹن کی شرائط اس کیلئے بے ضرر ثابت ہوں گی۔

خیال رہے کہ افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ برائے امن خلیل زاد نے جولائی کے اوائل میں سی پیک منصوبے کے حوالے سے پاکستان پر بھی دباؤ ڈالا اور خطے کیلئے امریکی منصوبوں میں تعاون پر زور دیا، جن کیلئے پاکستان کو اپنے دشمن بھارت کیساتھ کام کرنا پڑے گا۔ اس پر پاکستان نے فوری طور پر چین کو یقین دہانی کرائی کہ وہ امریکی دباؤ میں نہیں آئے گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب کیساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا، اگلے روز وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ سی پیک منصوبہ ہر قیمت پر مکمل کیا جائیگا۔ کابل کی خوشنودی کیلئے اسلام آباد نے بھارت کیساتھ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر پابندی اٹھا لی، جبکہ افغانستان کیساتھ تمام تجارتی راستے کھول دیئے۔