سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر ظہیر الدین بابر اعوان کی ملاقات،

قانون سازی اور آج سے شروع ہونے والے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا

بدھ 5 اگست 2020 19:34

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بدھ کو وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر ظہیر الدین بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں قانون سازی اور 6 اگست (آج)سے شروع ہونے والے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر صدر مملکت کے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر بھی مشاورت کی گئی۔

سپیکر نے کہا کہ قانون سازی پارلیمان کی اولین ذمہ داری ہے، ملک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پایا جاسکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ قانون سازی کے عمل میں ایوان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، کابینہ کی جانب سے بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر (آئی او جے کی)کو پاکستان کے نقشے میں شامل کرنا احسن اقدام ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر سمیت قومی اہمیت کے حامل ایشوز پر متحد ہیں۔

بابر اعوان نے کہا کہ سال 2020ء تبدیلی کے ایجنڈے کا سال ہے، جوڈیشنل اصلاحات موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، جموں و کشمیر، جونا گڑھ، لداخ اور سرکریک اور سیاہ چین پاکستان کا حصہ ہیں، وزیراعظم نے ان علاقوں کو پاکستان کے نقشے میں شامل کرکے کشمیر کے سفیر کا حق ادا کردیا۔ بابر اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم کو اس مستحسن فیصلے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔