لیسکو کی 132 کے وی رحمان پارک ٹرانسمیشن لائن کے چوتھے ٹاور پر فنی خرابی ،متعدد علاقوں میں بجلی بند رہی

شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی بندش سے شہریوں کی چیخیں نکل گئیں ،غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی عروج پر رہی

پیر 17 اگست 2020 21:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2020ء) 220کے وی کے نیو کوٹ لکھپت گرڈ اسٹیشن سے لیسکو کی 132 کے وی رحمان پارک ٹرانسمیشن لائن کے چوتھے ٹاور پر فنی خرابی پیدا ہوگئی جس سے صوبائی دارالحکومت کے متعدد علاقوں میں بجلی بند رہی ، شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی بندش سے شہریوں کی چیخیں نکل گئیں ۔نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے ترجمان کے مطابق فنی خرابی کے باعث 220 کے وی نیو کوٹ لکھپت گرڈ اسٹیشن کے سرکٹ بریکر اور کرنٹ ٹرانسفارمر کو نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

خرابی پیدا ہونے سے کینٹ ، چونگی امر سدھو،والٹن ، ٹائون شپ ،گرین ٹائون، یو حنا آباد،نشتر کالونی، لیاقت آباد، گڑھی شاہو سمیت متعدد علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی ۔ فنی خرابی پیدا ہونے پر عملے کی جانب سے کرنٹ ٹرانسفارمر اور سرکٹ بریکر کی تبدیلی کا کام شروع کردیاگیا ۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ علاقوں کو متبادل ذرائع سے بجلی کی فراہم کی گئی ۔ گزشتہ روز بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی عروج پر رہی جس کی وجہ سے کئی علاقو ں میںپانی کی قلت بھی پیدا ہو گئی۔