ملک میں یوم دفاع کے موقع پر جوش و جذبے کے ساتھ آرچری کے مقابلے منعقد کروا ئیں گے، وصال محمد خان

بدھ 2 ستمبر 2020 14:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2020ء) پاکستان آرچری فیڈریشن نے ملک میںیوم دفاع کے موقع پر جوش و جذبے کے ساتھ آرچری کے مقابلے منعقد کروانے کا اعلان کر دیا ہے، گذشتہ روز پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل وصال محمد خان نے سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان آرچری فیڈریشن نے فیڈریشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل( ریٹائرڈ) سیدعارف حسن کی خصوصی ہدایت پر ملک میں گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی یوم دفاع کے موقع پر آرچری کے مقابلے جوش و جذبے کے ساتھ منعقد کروانے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کو لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور سمیت اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں آرچری کے نمائشی میچز کھیلے جائیں گے جس میں مرد اور خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مقابلوں میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ میچز شروع ہونے سے قبل اور اختتام پر ملک کی ترقی وخوشحالی اور سر بلندی کے علاوہ ہمارے بہادر نوجونوان جنہوں نے ملک پاکستان کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ان شہداء کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی اور اپنے اپنے علاقوں میں شہداء کے مزاروں پر حاضری دیکر دعائیں کی جائیں گی۔

وصال محمد خان نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن بہت ا ہم ہے اور ہم 1965ء کی جنگ کے شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کر تے ہیں اور پوری قوم پاکستان میں یومِ دفاع قومی جوش وجذبے سے مناتی ہے۔ انہوں نے افواج پاکستان کے نوجوانوں کی ملک کے لئے خدمات اور جانوں کے نذرانوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔