پنجاب یونیورسٹی سخت ایس او پیز کے ساتھ کھول دی گئی

منگل 15 ستمبر 2020 22:56

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2020ء) پنجاب یونیورسٹی کو پہلے مرحلے میں اساتذہ اور ایم فل /پی ایچ ڈی سکالرز کیلئے کورونا وائرس کے خلاف ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کے ساتھ کھول دیا گیا۔ اس ضمن میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیازاحمد اختر نے انتظامات کا معائنہ کرنے اور طلباء واساتذہ میں ایس او پیز کی اہمیت کواجاگرکرنے کیلئے نیو کیمپس گیٹ اور مختلف شعبہ جات کی لیباریٹریز کا دورہ کیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر نے طلباء اور اساتذہ کو گیٹ نمبر 1پر خوش آمدید کرتے ہوئے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی نصیحت کی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر نیازاحمد نے کہا کہ تمام اساتذہ، طلباء اور ملازمین کو ماسک پہننے، بار بار ہاتھ دھونے اور آپس میں سماجی رابطوں میں فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد زیادہ پریشان کن نہیں مگر پھر بھی ہمیں روزمرہ زندگی کے امور نمٹانے میں احتیاط جاری رکھنا ہوگی تاکہ کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کو قابو میں رکھا جا سکے۔

دریں اثناء پنجاب یونیورسٹی گارڈز نے نیو کیمپس مین گیٹ اور شعبہ جات کے داخلی راستوں پرتھرمل گن سے آنے والوں کا ٹمپریچر چیک کیا۔ انہوں نے طلباء کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ رکھنے کی نصیحت کی۔پہلے مرحلے میں منصوبہ بندی کے تحت بی ایس اور ماسٹرز کی سطح پر مختلف سمسٹرز کے طلباء کے لئے آن لائن کلاسز کا انعقادبھی جاری رہا۔