پی آئی اے نے سعودی عرب کیلئے ٹکٹوں کی بکنگ کا آغاز کر دیا

قومی ائیرلائن سے سفر کرنے کیلئے کل بروز جمعرات سے ٹکٹوں کی بکنگ کرائی جا سکے گی، 3 سعودی شہروں کیلئے ہفتہ وار 23 پروازیں چلائی جائیں گی

muhammad ali محمد علی بدھ 16 ستمبر 2020 22:04

پی آئی اے نے سعودی عرب کیلئے ٹکٹوں کی بکنگ کا آغاز کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2020ء) پی آئی اے نے سعودی عرب کیلئے ٹکٹوں کی بکنگ کا آغاز کر دیا، قومی ائیرلائن سفر کرنے کیلئے کل بروز جمعرات سے ٹکٹوں کی بکنگ کرائی جا سکے گی، 3 سعودی شہروں کیلئے ہفتہ وار 23 پروازیں چلائی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں چھٹی پر آئے اور کئی ماہ سے سعودی عرب واپس جانے سے قاصر پاکستانی محنت کشوں کیلئے پی آئی اے کی جانب سے خصوصی اعلان کیا گیا ہے۔

پی آئی اے حکام نے اعلان کیا ہے کہ کل بروز جمعرات سے سعودی عرب کیلئے ٹکٹوں کی بکنگ کا آغاز کر دیا جائے گا۔ قومی ائیرلائن کی جانب سے سعودی عرب کیلئے ہفتہ وار 23 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ پی آئی اے حکام نے سعودی حکومت سے درخواست کی ہے کہ ہفتہ وار 26 پروازیں چلانے کی اجازت دی جائے۔

(جاری ہے)

ابتدائی طور پر پی آئی اے کی جانب سے 3 سعودی شہروں دمام، جدہ اور ریاض کیلئے پروازیں چلائی جائیں گی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے 6 ماہ سے زائد عرصے تک بند رکھے جانے والا بین الاقوامی فلائٹ آپریشن بالآخر بحال کر دیا ہے۔ سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے کہا ہے کہ مستثنیٰ زمروں کے سفر کے لیے تمام بین الاقوامی ایئر پورٹس پرجزوی طور پر بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔محکمہ شہری ہوابازی نے بتایا کہ پہلی پرواز سعودی عرب سے روانہ ہوگئی۔

تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں نے مستثنیٰ زمروں کے سفر کی منظوری کے پیش نظر تیاریاں مکمل کرلی تھیں۔ اس سلسلے میں وزارت صحت اور متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ رابطہ ہے۔محکمہ شہری ہوابازی کا کہنا ہے کہ مقررہ ضوابط کے مطابق کسی بھی غیرملکی کو سعودی عرب میں اس وقت تک داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی جب تک کہ وہ کورونا وائرس سے پاک ہونے کا ثبوت نہ پیش کردے۔ یہ ثبوت مملکت سفر کرتے وقت اپنے ہمراہ لانا ہوگا۔