موثر معاشی اقدامات کے باعث پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ سرپلس میں آگیا

رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 80 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز تک جا پہنچا: اسٹیٹ بینک

بدھ 23 ستمبر 2020 22:59

موثر معاشی اقدامات کے باعث پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ سرپلس میں آگیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2020ء) حکومت کے موثر معاشی اقدامات کے باعث پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ سرپلس میں آگیا، رواں مالی سال کے ابتدائی 2ماہ کرنٹ اکانٹ سرپلس 80 کروڑ 50لاکھ ڈالرز تک جا پہنچا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 2ماہ کرنٹ اکائونٹ سرپلس میں آگیا، جولائی اور اگست2020 میں کرنٹ اکانٹ سرپلس 80 کروڑ 50لاکھ ڈالرزہوگیا۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال جولائی اگست میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ1ارب 21کروڑ ڈالرز تھا جبکہ اگست میں ملکی کرنٹ اکائونٹ سرپلس 29 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز رہا۔یاد رہے جولائی 2020میں کرنٹ اکائونٹ سرپلس 42کروڑ40 لاکھ ڈالرزتک جا پہنچا تھا جبکہ جون میں 10کروڑ ڈالر کرنٹ اکائونٹ خسارے کا سامنا تھا۔گزشتہ سال اکتوبر سے اب تک 4ماہ میں کرنٹ اکائونٹ بیلنس سرپلس رہا جبکہ گزشتہ سال اسی مہینے میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ 61 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تھا، جس میں نمایاں بہتری آئی۔

مرکزی بینک نے مزید کہا ہے کہ کرنٹ اکائونٹ بیلنس میں بہتری برآمدات میں مسلسل بحالی ، ریکارڈ سے زیادہ ترسیلات زر کی بدولت ہے جبکہ اسٹیٹ بینک اور حکومت کی جانب سے متعدد پالیسیوں اور انتظامی اقدامات نے بھی سپورٹ فراہم کی۔