قومی روک بال چیمپیئن شپ 13 نومبر سے شروع ہو گی، امہ لیلی کلثوم رانا

جمعرات ستمبر 09:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) پاکستان روک بال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی روک بال چیمپیئن شپ 13 نومبر سے لاہور میں شروع ہو گی، پاکستان روک بال فیڈریشن کی سیکرٹری جنرل امہ لیلی کلثوم رانا نے گذشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیمپیئن شپ کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور چیمپیئن شپ میں ملک بھر سے مختلف ٹیموں کے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا کے علاوہ مختلف محکموں کی ٹیمیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیمپیئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کو دعوت نامے بھیج دیئے گئے ہیں، امہ لیلی کلثوم رانا نے کہا کہ 12 نومبر کو چیمپیئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے منیجرز کی اجلاس ہوگا جس میں چیمپیئن شپ کے ڈراز کا اعلان اور قوانین کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا،چیمپیئن شپ کے فائنل مقابلے 15 نومبر کو ہوںگے جس میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔