فیصل آباد، حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کوکنٹرول کرنے کیلئے ، کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف آج سے خصوصی مہم شروع

جمعرات 24 ستمبر 2020 14:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) فیصل آباد شہربھرمیں حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کوکنٹرول کرنے کیلئے کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔ چیف ٹریفک آفیسر حسن افضل نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف آج سے خصوصی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں تما م ٹریفک پولیس افسران واہلکاران سے کہاگیاہے کہ وہ موٹر سائیکل ، چنگ چی رکشے ، ویسپا رکشے، کاریں، ویگنیں اور دیگر اقسا م کی ٹرانسپورٹ چلانے والے کم عمر ، ناتجربہ کار ، بغیر لائسنس ڈرائیوروں کے خلاف فوری طور پر آپریشن کریک ڈائون کا آغاز کریں اور ان کی گاڑیاں قبضہ میں لے کر نہ صرف 72گھنٹوں کے لئے بند کردی جائیں بلکہ ان سے آئندہ کے لئے ڈرائیونگ نہ کرنے کا بیان حلفی بھی لیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ کم عمر ڈرائیوروں کی غلط ڈرائیونگ کے باعث شاہرات پر ٹریفک حادثات میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے مالی کے ساتھ ساتھ جانی نقصان کاسامنا بھی کرناپڑرہاہے۔ انہوںنے تمام نو عمر ڈرائیوروں کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی قسم کی غلط ڈرائیونگ سے گریز کریں ورنہ ان کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی۔