لوکل گورنمنٹ ایکٹ ‘پنچائت ایکٹ عوامی امنگوں کے ترجمان ثابت ہوںگے، سپیشل سیکرٹری بلدیات بابر امان بابر

جمعرات 24 ستمبر 2020 17:21

سرگودھا۔24ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) سپیشل سیکرٹری بلدیات بابر امان بابر نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ان کی دہلیز پر تمام بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے۔ اس مقصد کیلئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ اور پنجائت ایکٹ متعارف کروادیاگیا جو عوامی امنگوں کا ترجمان ثابت ہو گا ۔ نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں محکمہ صحت ‘ واسا ‘تعلیم اور پی ایچ اے سمیت کئی ادارے ایک منتخب عوامی نمائندے کے ماتحت ہوںگے جس کا مقصد عوام کو پینے کے صاف پانی ‘ صفائی ستھرائی ‘ سیوریج ‘صحت عامہ ‘ بہتر اور سستی بلاتفریق تعلیم اور پر فضا ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔

وہ کمشنر دفترمیں فعال حکومتوں او رنئے بلدیاتی ایکٹ کے حوالہ سے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود، ڈائریکٹر فنانس وسیم مبارک، ڈی ایس کوارڈی نیشن محمد بلال ‘ ڈپٹی پروگرام ڈائریکٹر محمد عمران ‘ایڈیشنل کمشنر شہباز حسین نقوی سمیت میٹروپولیٹن کارپوریشن اور تحصیل کونسلز کے افسران نے شرکت کی ۔ سپیشل سیکرٹری بلدیات نے کہاکہ نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں بلدیاتی اداروں کے افسران کے اختیار ات میںمزید اضافہ کیاگیا ہے ۔

پنجاب میں 162نئی ٹاؤن کمیٹیاں بنائی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے 12مختلف شعبہ جات کو آن لائن کیاجارہاہے ۔ افسران کو ای پرفارمنس انڈیکٹرز دیئے گئے ہیں ۔گڈگورننس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔انہوں نے بتایاکہ نئے بلدیاتی ایکٹ میں بلدیاتی ادارے خود اپنا سالانہ ترقیاتی پروگرام تیار کریںگے ۔ بلدیاتی اداروں کا تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیاجارہا ہے ۔

انہوں نے بتایاکہ لاہور میں پنجاب لوکل اکیڈمی بنائی جارہی ہے ۔لوکل گورنمنٹ افسران ملک کیلئے نیت کے ساتھ کام کریں ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے صفائی ستھرائی پر خاص توجہ دے رکھی ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ۔ سپیشل سیکرٹری بلدیات بابر امان بابر نے افسران پر زور دیا کہ وہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری مکمل رکھیں ۔انہوں نے بتایاکہ پنجاب میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو 28 ستمبر سے شروع کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے مزید بتایاکہ سرگودہا سمیت صوبہ بھر میں پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کے تحت 23ملین کی مختلف سکیموں پر کام جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ سرگودہا میں صفائی ستھرائی او رسیوریج مسائل کو حل کرنے کیلئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی فیصل آباد کو ذمہ داریاں دینے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کی پانچ ایسی آبادیاں جہاں سیوریج کے سنگین مسائل ہیں انہیں حل کرنے کیلئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔

انہون نے بلدیاتی افسران پر زور دیاکہ وہ نئے بلدیاتی ایکٹ کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے بھر پو راقدامات اٹھائیں۔ڈی ایس کوارڈی نیشن محمد بلال نے بلدیہ آن لائن کے خدوخال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ پنجاب حکومت نے 14اگست کو ایپ لانچ کی اب تک پانچ لاکھ صارفین ایپ ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں دو لاکھ 25ہزار سے زائد صارفین نے خود کو رجسٹرڈ کرکروایاہے ۔

بلدیہ آن لائن سے شادی سرٹیفکیٹ او رڈیتھ سرٹیفکیٹ سمیت دیگر میونسپل سروسز کی سہولیات عوام کو گھر بیٹھے میسر آسکیں گی ۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر کے ہر میونسپل افسران کی کارکردگی بھی بلدیہ آن لائن سے جانچی جاسکتی ہے ۔ بعدازاں ڈویژن بھر سے آئے میونسپل افسران کیلئے نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ او ربلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سوالات وجوابات کاسیشن بھی منعقد ہوا۔