وزیر اعظم پاکستان کااقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کشمیریوں کی خواہشات کی حقیقی ترجمانی ہی: ڈاکٹر فائی

ہفتہ 26 ستمبر 2020 23:59

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2020ء) ورلڈ کشمیر ایویئر نیس فورم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کی تعریف کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈاکٹر غلام نبی فائی نے واشنگٹن میں جاری ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی اقوام متحدہ سے یہ اپیل کہ وہ بھارت کو تنازعہ جموںوکشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے پرآمادہ کرے، کشمیری عوام کی امنگوں کی حقیقی عکاسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے یہ واضح کر دیا ہے کہ کوئی بھی حل اس وقت تک قابل قبول نہیں ہوگا جب تک کہ وہ صداقت اور حق خودارادیت کے اصول پر مبنی نہ ہو۔

(جاری ہے)

غلام نبی فائی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس سے وزیر اعظم عمران خان کا خطاب حقیقی اعداد و شمار پر مبنی تھا۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں صدر نیلسن منڈیلا ، صدر پیوٹن اورصدر بل کلنٹن سمیت دیگر عالمی رہنماو ٴںنے بھی عالمی طاقتوں کوتنازعہ کشمیر حل نہ کرنے کے نتائج سے خبردارکیاہے۔صدر بل کلنٹن نے کہا تھاکہ کشمیر کرہ ارض پر سب سے خطرناک مقام ہے۔ صدر پیوٹن نی3دسمبر2004 کوکہا تھا کہ بھارت اور پاکستان کو جنوبی ایشیا اور باقی دنیا میں امن کے مفاد کے لئے مسئلہ کشمیر کو حل کرنا چاہئے۔