صحرائے تھر بارشوں کے بعد سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا

جمعہ 2 اکتوبر 2020 13:07

صحرائے تھر بارشوں کے بعد سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا
تھرپارکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2020ء) صحرائے تھر میں بارشوں کے بعد جیسے بہار آگئی، سندھ کا صحرائی ضلع تھرپارکر بارشوں کے بعد سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے ۔ ایک طرف ریت نے بارش کے بعد سبزچادر اوڑھ لی ہے، دوسری طرف پہاڑی شہر ننگر پارکر میں آبشاروں نے سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ لیا ہے۔صحرائے تھر میں رم جھم کے بعد جیسے بہار آگئی ، قدرت کے حسین نظاروں، اونچے پہاڑوں اور بہتی آبشارنے صحرا کا منظر ہی بدل کر رکھ دیا اور ایسے رنگ بکھیرے کہ سیاحوں کیلئے یہ جگہ کسی جنت سے کم نہیں معلوم ہوتی ۔

(جاری ہے)

تھر پارکر آنے والے سیاحوں کیلئے مقامی ثقافت، اونٹ کی سواری، آبشار میں ڈبکیاں، بچوں کیلئے جھولوں سمیت تفریح کی ہر سہولت موجود ہے ، ہر طرف سبزہ ہے ، قدرت کے یہ حسین نظارے دیکھنے کیلئے سیاح بھی کھنچے چلے آرہے ہیں ۔تھر آنے والے سیاحوں کیلئے لوک موسیقی کے تڑکے کا بھی انتظام کیا گیا ہے ۔سیاحوں کی آمد سے مقامی افراد کیلئے روزگار کا دروازہ بھی کھل گیا ، مقامی افراد اور دلکش نظارے دیکھنے کیلئے آنے والوں کا کہنا ہے اگر حکومت سرپرستی کرے اور سہولیات فراہم کرے تو دنیا بھر سے سیاح گھومنے کیلئے آسکتے ہیں ۔