کراچی ،ایس آئی یو۔اے وی ایل سی اور آپریشن پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں

ٌمنشیات و گٹکا فروشوں، موٹرسائیکل لفٹرز سمیت متعدد ملزمان گرفتار ، اسلحہ و مال مسروقہ برآمد

بدھ 7 اکتوبر 2020 23:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اکتوبر2020ء) ایس آئی یو۔اے وی ایل سی اور آپریشن پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بینک ڈکیت، جعلی اے ایس آئی، موٹر سائیکل لفٹرز،اسٹریٹ کرمنلز،منشیات وگٹکا فروشوں سمیت ملزمان کو گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ،منشیات اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ،سی آئی اے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بینک ڈکیتی میں ملوث ملزم سید کاشف علی ولد سید انور علی کو گرفتار کرلیا۔

ایس آئی یو حکام کے مطابق گرفتار ملزم نے 2019 میں گلشن اقبال کے علاقے غلام شبیر عثمانی احمد روڈ بلاک تین میں واقع نجی بینک میں اپنے دیگر ساتھیوں محمد علی عرف علی عرف چھوٹو ولد بہادر خان،سید ابوالحسن ولد سید اصغر حسین،سید جابر حسین ولد سید نواب اور دو تین نامعلوم ملزمان کے ساتھ تین ستمبر کوڈکیتی کی تھی جس میں ملزمان بینک سے لاکھوں روپے کی نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

جس کا مقدمہ الزام نمبر 128/2019 متعلقہ تھانے میں درج ہوا تھا۔ایس آئی او حکام کے مطابق 26 ستمبر کو ایس آئی یو پولیس نے ڈکیت گروہ کے سربراہ محمد علی عرف علی عرف چھوٹا کو گرفتار کرکے قبضے سے پانچ لاکھ روپے کی رقم برآمد کی تھی۔ اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کورنگی۔نارتھ ناظم آباد اور لانڈھی ڈویژن پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 6 موٹر سائیکل لفٹرز اور اسٹریٹ کرمنلز راشد عرف رشید،اسلام، سلمان،عبدالباسط، جان شیر اور عابد علی کو گرفتار کرکے چار چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور منشیات برآمد کرلی۔

پولیس کے مطابق ملزمان موٹر سائیکلیں چوری وچھین کر اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کرکے موٹر سائیکلیں کھول کر ان پارٹس مکینکوں اور کباڑیوں کو فروخت کردیتے تھے۔ ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ مدینہ کالونی پولیس نے کارروائی کے دوران جعلی اے ایس آئی کو گرفتار کرکے جعلی پولیس کارڈ برآمد کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم علاقے میں پولیس وردی میں گھوم رہا تھا۔ جس پر پولیس نے دوران چیکنگ ملزم کو روکا تو قبضے سے جعلی پولیس کارڈز بھی برآمد ہوئے۔دوران دوران تفتیش ملزم کا کہنا تھا کہ شوقیہ پولیس کی وردی سلوائی تھی۔تاہم پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔ موچکو پولیس نے منشیات فروش ظہیر شاہ کو گرفتار کرکے دو پیکٹس آئس اور اور چرس برآمد کرلی۔

قائد آباد پولیس نے موٹر سائیکل لفٹر حبیب الرحمن کو گرفتار کرکے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔پولیس کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر دیگر موٹر سائیکلوں کے پرزہ جات تحویل میں لے لئے۔ملزم نے قائد آباد سمیت ملیر کے علاقوں سے موٹر سائیکل لفٹنگ کا اعتراف کیا ہے۔بغدادی پولیس نے پنجگوری محلہ میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی پیٹرول کی فروخت میں ملوث ملزم زبیر بلوچ کو گرفتار کرکے نوزل اور شیل کی مشین تحویل میں لے لی۔

ایک اور کارروائی کے دوران بغدادی پولیس نے دو منشیات فروشوں جاوید اور ولید کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی۔رضویہ پولیس نے گولینار ذمیدار ہوٹل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے گھر بھاری مقدار میں چھالیہ اور گٹکا بنانے کا سامان برآمد کرلیا۔جبکہ گٹکا سپلائر اشفاق فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا پولیس نے گٹکے کی پیکنگ میں مصروف خواتین کو حراست میں لے لیا۔ عزیز آباد پولیس نے دو ملزمان راجو اور اصغر کو گرفتار کرکے شراب کی بوتلیں برآمد کرلیں