اس حکومت کو 794 روز ہو گئے ہیں عوام کو روز نئی مشکلات میں مبتلا کیا جا رہا ہے،معراج الہدیٰ صدیقی

بدترین مہنگائی سے عوام کو نجات دلانے کی بجائے سندھ کے سمندری جزائر پر مال کمانے کے لئے قبضہ کیا جا رہا ہے ْروز میری کوئی زینب درندوں کے حوالے ہوتی ہے مگر بنی گالہ میں بالکل سکون ہے، ریلی سے خطاب

جمعہ 9 اکتوبر 2020 22:15

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ اس حکومت کو 794 روز ہو گئے ہیں عوام کو روز نئی مشکلات میں مبتلا کیا جا رہا ہے، روز میری کوئی زینب درندوں کے حوالے ہوتی ہے مگر بنی گالہ میں بالکل سکون ہے، بدترین مہنگائی سے عوام کو نجات دلانے کی بجائے سندھ کے سمندری جزائر پر مال کمانے کے لئے قبضہ کیا جا رہا ہے، وزارت خزانہ پر آئی ایم ایف کے نمائندے قابض ہیں جن کی ڈکٹیشن پر سبسڈی ختم کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے اورآئے روز بجلی گیس کے نرخ بڑھائے جا رہے ہیں۔

وہ جماعت اسلامی حیدرآباد کی طرف سے حیسکو کے خلاف جیم خانہ چوک سے حیسکو ہیڈکوارٹر تک نکالی جانے والی احتجاجی ریلی سے خطاب کر رہے تھے، جماعت اسلامی کے رہنمائوں عبدالوحید قریشی، حافظ طاہر مجید، جے آئی یوتھ سندھ کے جنرل سیکریٹری ظہیرالدین شیخ، جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنمائوں حافظ اعظم جہانگیری، حافظ خالد دھامرہ، جمعیت علماء اسلام (س) کے صوبائی رہنماء عبدالواحد سواتی نے بھی خطاب کیا جبکہ شیخ شوکت علی، ڈاکٹر سیف الرحمن، عبدالقیوم حیدر، مطاہر خان، حافظ ارمان چوہان اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے، ریلی میں حیسکو حکام کے خلاف مسلسل نعرے لگائے جا رہے تھے، گلی گلی میں شور ہے حیسکو چور ہے، زائد بلنگ اور ڈیٹکشن بلنگ کا ظلم بند کرو، ٹرانسفارمرز پر بھتہ کی وصولی ختم کرو اور دیگر تحریروں پر مشتمل کتبے بھی مظاہرین نے اٹھا رکھے تھے۔

(جاری ہے)

ریلی کے اختتام پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کو 794 روز ہو گئے ہیں ہر روز عوام کے لئے نئی مشکلات کھڑی کی جا رہی ہیں، 50 روپے کلو والی گندم کا آٹا 75 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے، چینی 105 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے، عوام پر مہنگائی کا کوڑا شدت سے برس رہا ہے، مگر حکمرانوں کو کوئی پرواہ نہیں، انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ پر آئی ایم ایف کے نمائندے قابض ہیں جو روز ڈکٹیشن دے رہے ہیں کہ سبسڈی ختم کرکے بجلی گیس مہنگی کرو، انہوں نے کہا کہ زائد بلنگ اور ڈیٹکشن بلوں کے ذریعے حیسکو، سیسکو اور دیگر بجلی کمپنیوں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے اور یہاں تو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ٹرانسفارمر خراب ہونے پر عوام سے بھاری بھتہ وصول کیا جا رہا ہے اور حیسکو اہلکار جو بجلی خود چوری کراتے ہیں اس کا بوجھ بھی بل دینے والے صارفین پر سزا کے طور پر ڈال دیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر توانائی پریس کانفرنسوں میں سابقہ حکومتوں کو بجلی گیس مہنگی ہونے پر کوستے ہیں انہیں یہ یاد نہیں رہتا کہ گذشتہ حکومتوں میں بھی وہ وزیر توانائی رہے ہیں اور ان کے دادا بھی حکمران تھے، اس لئے یہ اچھا نہیں لگتا کہ وزیر صاحب اپنے باپ دادا کو کوسیں، انہوں نے کہا کہ حکومت نے پورا ملک آئی ایم ایف کی غلامی میں دے دیا ہے مگر کان کھول کر سن لیں کہ جماعت اسلامی عوام کے حق کے لئے منتخب ایوانوں اور سڑکوں پر ہر جگہ آواز بلند کرے گی، نیب یا کسی اور ادارے کے ذریعے جماعت اسلامی کو اس سے باز نہیں رکھا جا سکتا کیونکہ ہمارے ہزاروں افراد جو مختلف سرکاری اور عوامی مناسب پر رہے ہیں ان پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی انتقام کے ذریعے عوام کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن اسے ناکامی ہو گی، ہم عوام کے حقوق کے لئے جنگ جاری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ حیسکو کے حکام سن لیں کہ آج کی ریلی پرامن ہے اور دھیمے لہجے میں بات کی جا رہی ہے لیکن اگر ظلم جاری رہا تو وہ حیسکو کے حکام کو نیپرا اور عدالتوں میں عوام کے سامنے ناک رگڑنے پر مجبور کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ افسوس کہ پورے ملک میں بدامنی کا طوفان ہے، ہر روز میری کوئی زینب درندوں کے حوالے ہو رہی ہے مگر بنی گالہ میں چین ہی چین ہے، انہوں نے کہا کہ گندم آٹا سستا کرکے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے حکومت سندھ کے جزیروں پر قبضہ کر رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مال بنایا جا سکے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام جماعت اسلامی اور سراج الحق کا ساتھ دیں گے تو مہنگائی بھی ختم ہو گی خوشحالی بھی آئے اور ظلم اور کرپشن کا بھی خاتمہ ہو گا۔

دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے حیسکو حکام کو خبردار کیا کہ اگر انہوں نے زائد بلنگ اور ڈیٹکشن بلوں کے اجراء کا ظلم فوری بند نہ کیا گیا تو وہ اپنے دفتروں میں نہیں بیٹھ سکیں گے، حیدرآباد کے عوام کئی سال سے ظلم سہہ رہے ہیں لیکن اب وہ مزید ظلم برداشت نہیں کریں گے۔