Live Updates

مریم نوازکے قافلے کو مزار قائد میں داخل ہونے سے روک دیا گیا

مزار قائد کی انتظامیہ نے مریم نواز کے قافلے کو مزار کے احاطے میں داخل ہونے روک دیا، مسلم لیگ (ن) کے کارکنان جنگلے پھلانگ کر مزار قائد میں داخل ہوئے

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 18 اکتوبر 2020 16:19

مریم نوازکے قافلے کو مزار قائد میں داخل ہونے سے روک دیا گیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین - 18 اکتوبر 2020ء) مزار قائد کی انتظامیہ قائد مینجمنٹ بورڈ نے مسلم لیگ کی نائب صدرمریم نواز کے قافلے کو مزار قائد میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مزار قائد منیجمنٹ بورڈ نے مریم نواز کے قافلے کو مزار کے احاطے میں داخل ہونے روک دیا ہے۔ کورونا ایس او پیز کے پیش نظر مزار قائد میں صرف چھ گاڑیوں کو داخلے کی اجازت تھی، لیکن مسلم لیگ (ن) کے کارکنان جنگلے پھلانگ کر مزار قائد میں داخل ہوئے۔

قائد منیجمنٹ بورڈ کی انتظامیہ نے مزار قائد کے وی آئی پی گیٹ کو تالے لگا دیئے ہیں، انتظامیہ نے مؤقف اپنایا ہے کہ کورونا ایس او پیز کے تحت آپ کو مزار میں داخل نہیں ہونے دے سکتے۔ مزار کے اندر صرف چھ گاڑیوں کو آنے کی اجازت ہے۔ لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے میں گیٹ کو کھول کر اور مزار قائد کے گرد لگے جنگلے پھلانگ کر مزار میں داخل ہوئے جس کے بعد مزار کی انتظامیہ نے سب کو مزار میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔

(جاری ہے)

قائد منیجمنٹ بورڈ کی انتظامیہ نے ن لیگ کے ورکرز کو احاطے سے باہر نکال دیا اور مریم نواز کی گاڑی سمیت صرف چھ گاڑیوں کو مزار میں داخل ہونے کی اجازت دی۔ واضح رہے کہ مریم نواز پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کرنے کے لیے لاہور سے کراچی پہنچی ہیں، انہوں نے مزار قائد میں اپنے کارکنان سے خطاب کرنا تھا، جس کے بعد انہوں نے پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کرنی تھی۔ یاد رہے کہ مریم نواز نے جاتی عمرہ سے نکلنے سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی کل کی تقریر ایک ہارے ہوئے شخص کی تقریر تھی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں ہے۔ یہ بڑوں کی لڑائی ہے، وزیراعظم کے ساتھ ہماری کوئی لڑائی نہیں ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات