Live Updates

کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف مقدمہ کروانے پر مدعی پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، پی ٹی آئی رہنما کا دعویٰ

سندھ پولیس نے راتوں رات وقاص خان کو ملزم بنا دیا ، ایک سال بعد خفیہ ایف آئی آر پتہ نہیں کہاں سے نکل آئی؟ سیاسی مخالفین کے خلاف خفیہ مقدمات سندھ حکومت کا طریقہ کار ہے: حلیم عادل شیخ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی پیر 19 اکتوبر 2020 21:55

کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف مقدمہ کروانے پر مدعی پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اکتوبر2020ء) پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مقدمہ درج کروانے والے مدعی وقاص احمد خان کیخلاف مقدمہ جھوٹا قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ کیپٹن (ر) صفدر کے کیخلاف مقدمہ درج کروانے والا وقاص احمد خان مفرور ملزم ہے، اور اس کے خلاف کار سرکار میں مداخلت سمیت انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

جس پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ پولیس نے راتوں رات وقاص خان کو ملزم بنا دیا ، ایک سال بعد خفیہ ایف آئی آر پتہ نہیں کہاں سے نکل آئی۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مریم صفدر کا شکریہ جنہوں نے وقاص احمد پرمقدمہ درج ہونے کا بتایا، سیاسی مخالفین کے خلاف خفیہ مقدمات سندھ حکومت کا طریقہ کار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بالکل اسی طرح سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقارمرزا پر ایف آئی آر کاٹی گئی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقاص احمد خان پاکستانی شہری ہیں ۔ اور میرے حلقے کے کوآرڈینیٹر ہیں ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ جب مزار قائد پر کیپٹن (ر) صفدر نے نعرے بازی کی تو وقاص احمد وہاں موجود تھے۔ وقاص احمد نے انہیں منع کیا تو ان کو دھمکیاں دی گئیں ۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آج پتہ چلا کہ ان کے خلاف مقدمہ درج ہے، سال بھرسے وقاص خان بھی یہیں تھے، ایک سال سے وقاص پولیس کو نظر نہیں آیا، آج خفیہ طور پر نام ڈال دیا گیا۔ حلیم عادل شیخ نے بتایا کہ ایف آئی آر میں دکھایا گیا ہے کہ وقاص احمد نے لوگوں کو اکسایا تھا، ایسی خفیہ ایف آئی آر پتا نہیں کہاں سے نکل آئی ہے۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو سندھ پولیس نے مزارِ قائد کا تقدس پامال کرنے کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا جنہیں مقامی عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا تھا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف مقدمے کا مدعی خود دہشتگردی کی عدالت کا مفرور ہے، بعد ازاں پولیس نے بھی تصدیق کی ہے کہ وقاص احمد خان کے خلاف تھانہ سپرہائی وے میں مقدمہ درج ہے اور وہ عدالت سے مفرور ہے۔ پولیس کے مطابق وقاص احمد کیخلاف مقدمے میں کارسرکار میں مداخلت اور لڑائی جھگڑے کی دفعات شامل ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات