17 سال بعد پاکستان کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے باہر آ گیا

سترہ سال میں پہلی بار ہماری ایکسپورٹس، اور ترسیلات ہماری درآمدات سے زیادہ رہیں۔وفاقی وزیر فواد چوہدری کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 22 اکتوبر 2020 11:29

17 سال بعد پاکستان کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے باہر آ گیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ 17 سال بعد پاکستان کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے باہر آ گیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عوام کو خوشخبری سنائی ہے کہ جلد ہی مہنگائی پر قابو پا لیا جائے گا،اور ملک معاشی طور پر مستحکم ہو گا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 17 ارب ڈالر کی کمی کو حکومت کی ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے بہت جلد معاشی بحالی کی پیش گوئی کی۔

اسی حوالے سے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سترہ سال کے بعد پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے باہر آیا ہے یعنی سترہ سال میں پہلی بار ہماری ایکسپورٹس، اور ترسیلات ہماری درآمدات سے زیادہ رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے اخراجات میں بھی بہت کمی کی ظاہر ہے خرچے کم ہوں اور آمدن زیادہ تو ہی ہم معاشی خود انحصاری کی طرف بڑہ سکتے ہیں۔

رواں سال اگست میں جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ حکومت کے موثر معاشی اقدامات کے باعث پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ سرپلس ہوگیا، جون میں 10کروڑ ڈالر کرنٹ اکائونٹ خسارے کا سامنا تھا۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ سرپلس میں تبدیل ہوگیا، جولائی 2020میں کرنٹ اکائونٹ سرپلس 42کروڑ40 لاکھ ڈالرزتک جا پہنچا جبکہ جون میں 10کروڑ ڈالر کرنٹ اکائونٹ خسارے کا سامنا تھا۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال اکتوبر سے اب تک 4ماہ میں کرنٹ اکائونٹ بیلنس سرپلس رہا جبکہ گزشتہ سال اسی مہینے میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ 61 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تھا جس میں نمایاں بہتری آئی۔مرکزی بینک نے مزید کہا کہ کرنٹ اکائونٹ بیلنس میں بہتری برآمدات میں مسلسل بحالی ، ریکارڈ سے زیادہ ترسیلات زر کی بدولت ہے جبکہ اسٹیٹ بینک اور حکومت کی جانب سے متعدد پالیسیوں اور انتظامی اقدامات نے بھی سپورٹ فراہم کی۔بینک نے مزید کہا کہ برآمدات میں بھی بحالی برقرار رہی ، جولائی میں برآمدات کی شرح نمو میں مزید 19.7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ جون میں 25.5 فیصد رہی۔