ْ محکمہ تعلیم ضلع سدھنوتی لوگوں کے بچوں کے مستقبل سے کھیلنا بند کرے‘سردار عنایت اللہ عارف

جمعرات 22 اکتوبر 2020 14:21

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2020ء) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماسابق صدارتی سردار عنایت اللہ عارف نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم ضلع سدھنوتی لوگوں کے بچوں کے مستقبل سے کھیلنا بند کرے۔ حلقہ بلوچ میں سرکاری ملازمین کے تبادلے کس بنیاد پر کیے جا رہے ہیں،عرصہ قیام کو بنیاد بنا کر محکمہ تعلیم سیاسی بنیادوں پر تبادلے کر رہا ہے۔

جو نظام تعلیم کو مزید تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ خلاف میرٹ کیے گئے تبادلے فوری منسوخ کیے جائیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار عنایت اللہ عارف نے مزید کہا کہ حلقہ بلوچ میں جب سے ن لیگ کی حکومت بنی ہے فاروق طاہر نے پی پی پی کو ووٹ دینے والے سرکاری ملازمین کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا بازار گرم کر رکھا ہے سیاسی دباؤ پر محکمہ تعلیم ضلع سدھنوتی نے فیمیل معلمات کے دور داراز علاقوں میں تبادلے کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ اس کی اپنی کوئی پالیسی نہیں۔

(جاری ہے)

فاروق طاہر جو حکم دیتا ہے اس پر من و عن عمل ہو رہا ہے۔ اگر عرصہ قیام ہی میرٹ ہے تو محکمہ تعلیم اس بات کی وضاحت کرئے گا کہ جو ملازمین گزشتہ دس دس سال سے اپنے گھروں کے قریب تعینات ہیں یہ کس قانون کے تحت ہیں اور ان کے تبادلے کیوں نہیں ہو رہے۔انہوں نے کہا کہ سچی بات تو یہ ہے کہ محکمہ تعلیم وزیر قانون کی انتقامی کارروائیوں میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔ جو باعث تشویش ہے۔