تحریک انصاف نے حکومت ملنے کے بع غریبوں کو بے گھر کرنا شروع کردیا ، رہنماء جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ

کراچی میں کچی آبادی کے مکینوں خاص کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے لیکن جے یوآئی نہتی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، جے یو آئی کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 22:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2020ء) جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے نائب امیر مولانا عبد الکریم عابد اور صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد اسلم غوری نے کہا کہ تحریک انصاف نے پاکستانی عوام سے حکومت میں آنے سے قبل 50 لاکھ مکان بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن حکومت ملنے کے بعد پورے ملک میں غریبوں کو بے گھر کرنا شروع کردیا ، کراچی میں کچی آبادی کے مکینوں خاص کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے لیکن جے یوآئی نہتی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے نائب امیر مولانا عبد الکریم عابد اور صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد اسلم غوری نے جامعہ مدنیہ گلشن اقبال کراچی میں جے یو آئی کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مولانا احسان اللہ ٹکروی ، مولانا نورالحق ،قاری نورالامین، مولانا رشید نعمانی ، مفتی عبدالحق عثمانی، مولانا اجمل شاہ شیرازی ، قاری فیض الرحمان عابد، مفتی علیم الحق فاروقی ، حبیب الرحمان خاطر ، مولاناعبداللہ بلوچ، مولاناالطاف الرحمان، مفتی داود ، عبدالحق مخلص ، عبدالواحدخان ودیگر موجود تھے۔

اجلاس میں گزشتہ دن ضلع جنوبی کے علاقے این ٹی آر ریلوے کالونی کی آبادی منہدم کرنے والے عوام دشمن واقعہ پر مشاورت ہوئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے مولانا عبدالکریم عابد، محمد اسلم غوری ودیگر نے کہا کہ این ٹی آر ریلوے کالونی کے مکینوں کو متبادل جگہ فراہم کی جائے ، کچی آبادی کے مکینوں کو حکومتی رحم وکرم پر نہتا نہیں چھوڑ سکتے۔

من گھڑت مقدمات فی الفور ختم کئے جائیںاجلاس کو بتایا گیا کہ 20 اکتوبر این ٹی آر ریلوے کالونی ضلع جنوبی میں سپریم کورٹ کے آرڈر کو بہانہ بنا کر انتظامیہ نے علاقہ پر چڑھائی کر دی تھی جس پر علاقہ کے مکینوں نے مزاحمت کی اور علاقہ میدان جنگ بن گیا سپریم کورٹ نے آرڈر جاری کیا تھا کہ علاقہ مکینوں کو متبادل جگہ فراہم کی جائے۔ نااہل انتظامیہ نے متبادل جگہ دئیے بغیر علاقہ پر چڑھائی کر دی انتظامیہ نے مقامی MNA اور MPA و دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین و زعماء سے مذاکرات کئے لیکن مذاکرات ناکام ہونے کے بعد علاقے کو منہدم کرنا شروع کر دیا ، انتظامیہ نے عوام اور مذاکراتی کمیٹی کے خلاف ایف آئی آر درج کردی جس سے پورے علاقے میں تشویش پائی جارہی ہے، جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مذکراتی کمیٹی ،عمائدین علاقہ اور مکینوں کے خلاف درج من گھڑت ایف آئی آر فوری ختم کی جائے اور سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق علاقے مکینوں کو فوری متبادل جگہ فراہم کی جائے۔

#