پیپلز پارٹی جمہوریت کے لیے دو قدم آگے بڑھ سکتی ہے، قدم پیچھے نہیں ہٹا سکتی، بلاول بھٹو

مخالف پراپیگنڈے کررہے ہیں کہ پیپلز پارٹی پی ڈی ایم اتحاد سے پیچھے ہٹ رہی ہے، ان کو کہنا چاہوں گا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کبھی جمہوریت کی بقا کے لیے بننے والے کسی اتحاد سے پیچھے نہیں ہٹی ہے، نہ کبھی ہٹے گی: چیئرمین پیپلز پارٹی

اتوار 25 اکتوبر 2020 20:50

۷ کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ پیپلز پارٹی پی ڈی ایم اتحاد سے پیچھے ہٹ جائے گی، میں ان لوگوں کو کہنا چاہوں گا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کی بقا کے لیے بننے والے کسی اتحاد سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ اتوار کو کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے تیسرے جلسے سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہے کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کی بقا کے لیے دو قدم آگے تو بڑھ سکتی ہے لیکن ایک قدم پیچھے نہیں ہٹ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ مخالف پراپیگنڈے کررہے ہیں کہ پیپلز پارٹی پی ڈی ایم اتحاد سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔ میں ان کو کہنا چاہوں گا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کبھی میثاق جمہوریت سے پیچھے نہیں ہٹی، ہم جمہوریت کے لیے بننے والے کسی اتحاد سے پیچھے نہیں ہٹے۔

(جاری ہے)

اور آئیندہ بھی ہم جمہوریت کی بقا کے لیے بننے والے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) سے بھی ایک قدم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

اگر ضرورت پڑی تو پیپلز پارٹی دو قدم آگے بڑھا سکتی ہے، لیکن پیپلز پارٹی کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ملک کی ساری سیاسی جماعتیں نہ صرف ایک اسٹیج پر ہیں بلکہ ایک پیج پر بھی ہیں۔ باقی سب کو بھی اسی پیج پر آنا پڑے گا ورنہ سب کچھ بگڑ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جتنا ہمیں روکا جائے گا ہم آگے بڑھیں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام چاہے کراچی کے ہوں ، گوجرانوالہ کے ہوں یا کوئٹہ کے، سب ہی جمہوریت کی آزادی چاہتے ہیں۔

عوام بے روزگاری اور مہنگائی سے آزادی چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان فوج سمیت ملک کے تمام اداروں کو ٹائیگر فورس بنانا چاہتے ہیں، ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے، اس لیے چاہتے ہیں کہ ان کا مستقبل میں کوئی سیاسی کردار نہ رہے، پی ڈی ایم کو توڑنے والے خواب دیکھ رہے ہیں، پاکستان کی حکومت ایک طرف اور سلیکٹر دوسری طرف ہے، قدم آگے بڑھانے والے ہیں پیچھے ہٹانے والے نہیں۔

بلاول نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا سر کٹ سکتا ہے لیکن جھکے گا نہیں، عوام چاہے جہاں کہ ہوں وہ اپنی جمہوریت لانا چاہتے ہیں، غربت، بے روزگاری، بھوک، بولنے اور سانس لینے کی آزادی چاہتے ہیں، سیاست، صحافت اور عدلیہ کچھ بھی آزاد نہیں، آپ کو یہ حق دلوانے کے لیے سبھی جمہوری جماعت ایک پیج پر ہیں، انہیں ہمارے اسٹیج اور پیج پر آنا ہوگا ورنہ گھر جانا ہوگا