چئیرمین کشمیر کمیٹی علی امین گنڈاپور پر گلگت بلتستان کی انتخابی مہم میں شرکت پر پابندی عائد

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے رہنما تحریک اںصاف کو کسی بھی قسم کا سرکاری پروٹوکول فراہم نہ کرنے کا حکم

muhammad ali محمد علی منگل 27 اکتوبر 2020 20:04

چئیرمین کشمیر کمیٹی علی امین گنڈاپور پر گلگت بلتستان کی انتخابی مہم ..
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اکتوبر2020ء) چئیرمین کشمیر کمیٹی علی امین گنڈاپور پر گلگت بلتستان کی انتخابی مہم میں شرکت پر پابندی عائد، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے رہنما تحریک اںصاف کو کسی بھی قسم کا سرکاری پروٹوکول فراہم نہ کرنے کا حکم۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے چئیرمین کشمیر کمیٹی علی امین گنڈاپور کیخلاف گلگلت بلتستان کی انتخابی مہم میں شرکت کی اطلاعات پر نوٹس لیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے چئیرمین کشمیر کمیٹی پر گلگت بلتستان کے الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی ہے۔ اس حوالے سے گلگلت کی عبوری حکومت کو ہدایت کی گئی ہے کہ رہنما تحریک انصاف کو کسی قسم کا سرکاری پروٹوکول نہ دیا جائے۔ اس حوالے سے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان یکم نومبر کو گلگت میں گلگت بلتستان کی یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کریں گے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق حکومت گلگت بلتستان نے اس سلسلے میں تیاریاں شروع کر دی ہے۔ادھر پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل تقی اخونزادہ کے مطابق وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈپور ،چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی بھی تین رزہ دورے پر گلگت بلتستان آئیں گے،جہاں وہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

اب اسی سلسلے میں الیکشن کمیشن نے نوٹس لے کر علی امین گنڈاپور کو انتخابی مہم میں شرکت سے روک دیا ہے۔ جبکہ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے گلگت بلتستان کے آمدہ انتخابات کو صاف ، شفاف ، آزادانہ ، منصفانہ ، اور غیر جانبدارانہ بنانے کیلئے انتخابی مہم کی نگرانی اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے الیکشن ایکٹ 2017کے دفعہ234کے تحت گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی کسی بھی جماعت،فرد یا عہدہ دار کی طرف سے خلاف ورزی کی صورت میں نگران ٹیم ضلعی مانیٹرینگ آفیسر کو رپورٹ پیش کریگی جبکہ ڈسٹرکٹ مانیٹرینگ آفیسر مقامی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ ملکر خلاف ورزی کی تحقیقات کرکے الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کو رپورٹ پیش کرینگے۔