فیڈمک کے تحت بننے والا سی پیک کا پہلا ترجیحی سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا فیز ون اہم سنگ میل ہے،عاصم سلیم باجوہ

بدھ 28 اکتوبر 2020 22:05

فیڈمک کے تحت بننے والا سی پیک کا پہلا ترجیحی سپیشل اکنامک زون علامہ ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2020ء) چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے فیڈمک کے تحت بننے والے سی پیک کے پہلے ترجیحی سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا فیز ون مکمل ہونے کو اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ وہ اس منصوبے پر جاری پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اجلاس میں فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر سلیمی کے علاوہ دیگر محکموں کے نمائندے بھی شریک تھے۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا کہ وہ خود فیصل آباد کا دورہ کر کے سی پیک کے اس ماڈل پراجیکٹ کا مشاہدہ کریں گے تاکہ اس تجربے کو دیگر صوبوں میں بھی دہرایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چین سے مزید سرمایہ کار اس انڈسٹریل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کے لئے رابط کر رہے ہیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون اور اشتراک کار کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں چیئرمین فیڈمک نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 2300 ایکڑ اراضی صنعتی یونٹس لگانے کے لئے مختص کی گئی تھی جس میں سے 1600 ایکڑ سے زائد اراضی فروخت ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے پیش نظر اس انڈسٹریل سٹی میں مزید 3200 ایکڑرقبہ شامل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 82 ملین گیلن یومیہ استعداد کا ایفلونٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کی نے منظوری دیدی ہے اور دسمبر تک اس کا تعمیراتی کام شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہاں سرمایہ کاری کرنے والے مقامی سرمایہ کاروں کو بھی غیر ملکی کمپنیوں کے برابر مراعات اور سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے دو سال کے اندر یہاں لگنے والی صنعتیں پیداواری عمل شروع کر دیں گی جس سے پاکستانی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے ون ونڈو سنٹر کی تعمیرجاری ہے جہاں تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں کے نمائندے موجود ہوں گے۔میاں کاشف نے کہا کہ انرجی ٹیرف کو20 فیصد تک کم کرنے کے لئے فیڈمک این ٹی ڈی سی سے براہ راست بجلی خریدے گی اور اس کے ساتھ ساتھ سولر انرجی اورسالڈ ویسٹ سے بجلی بنانے کے منصوبے بھی لگائے جائیں گی