توہین رسالت کے واقعات کے سدباب کیلئے عالمی قانون بننا چاہئے،نورالحق قادری

جمعہ 30 اکتوبر 2020 19:35

توہین رسالت کے واقعات کے سدباب کیلئے عالمی قانون بننا چاہئے،نورالحق ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔اے پی پی ۔30اکتوبر ۔2020ء) وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ توہین رسالت کے واقعات کے سدباب کیلئے عالمی قانون بننا چاہئے، وزیراعظم کی ہدایت پر اس سلسلے میں شیخ الازہر سے بات کی جائے گی، پاکستان کو بچانے کیلئے پاک فوج کی قربانیاں ہماری سر آنکھوں پر ہیں، قوم فوج کو برا بھلا کہنے والوں کے بیانیئے کو ان کے منہ پر مارے گی۔

جمعہ کو رحمتہ العالمین ﷺکانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان سمیت تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ رحمت العالمین ﷺکی محفل ہے جو بھی یہاں آیا ہے وہ اپنی جھولی میں خیر لے کر جائے گا۔ انہوں نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو نبی کریم ﷺکے یوم ولادت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپﷺ کے یوم ولادت کو 1492 قمری سال ہو چکے ہیں، دنیا ترقی کر گئی ہے، ہماری آج کی شام اس صبح سے وابستہ ہے جب آپ تشریف لائے، ہماری یہ وابستگی جاری رہے گی، آپ تشریف نہ لاتے تو دنیا سے جہالت گمراہی نہ مٹتی، ساری ترقی اور کامرانیاں آپ کی برکت سے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے برسراقتدار آنے کے بعد کلین اور گرین پاکستان کی بات کی، آپ سے پہلے کسی نے اس طرف توجہ نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ سائنسدان آج موسم کی تباہ کاریوں کی بات کر رہے ہیں، موسمیات اور شدت کی وجہ سے لوگ بے گھر ہو رہے ہیں اور مشکلات کا شکار ہیں۔ ان حالات میں ہمیں سیرت طیبہ کی روشنی میں حل تلاش کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ پانی کی کمی کی بات کی جارہی ہے اور دنیا میں پانی کے حوالے سے تنازعات جنم لے رہے ہیں۔ آپﷺ کا فرمان ہے کہ دریا کے کنارے بیٹھ کر بھی وضو میں پانی کے اصراف کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپ کا فرمان ہے کہ حالت جنگ میں بھی درختوں کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔ نورالحق قادری نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے قوم کو ریاست مدینہ اور کلین اینڈ گرین پاکستان کی طرف متوجہ کیا ہے ، آپ جب پناہ گاہ میں غریبوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانے کھاتے ہیں ، صحت کارڈ کا اجراء اور کورونا وائرس کی صورت حال میں غریب لوگوں کی مالی امداد میں ریاست مدینہ کی طرف اصل قدم اور نبی کریم ﷺ کی سنت ہے۔

انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے دفاع میں فرانس کے صدر نے بات کر کے مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے۔ اسی معاملے پر عالم اسلام میں صرف دو آوازیں عمران خان اور طیب اردگان کی ابھری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کورونا کی صورتحال میں مجھے کہاکہ رمضان المبارک میں ہم مساجد کیسے بند کریں گے ، انہوں نے مجھے ہدایت کی کہ اس حوالے سے علماء کے ساتھ بیٹھ کر ایس او پیز بنائیں۔

نورالحق قادری نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ دنیا میں صرف کورونا کی صورتحال کے دوران صرف پاکستان کی مساجد کھلی رہیں۔ انہوں نے کہاکہ دنیا بھر کی کوششوں کے باوجود پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی برقرار ہے ، آئندہ جمعہ تک ہم سرکاری سطح پر ہفتہ عشق رسول ﷺمنا رہے ہیں۔ علما اس حوالے سے بھی اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے دنیا بھر کے سربراہان مملکت کو خطوط لکھے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ اس حوالے سے ایک بین الاقوامی قانون بننا چاہئے تاکہ آئندہ ایسے توہین آمیز واقعات کا سدباب ہو سکے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ شیخ الازہرسے بات کی جائے اور انہیں کہا جائے کہ وہ اس حوالے سے پاکستان سے جو تعاون چاہتے ہیں پاکستان حاضر ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلح افواج نے پاکستان کو بچانے کے لئے جو قربانیاں دی ہیں وہ ہماری سر اور آنکھوں پر ہے۔ جو لوگو فوج کے سربراہ کو برا بھلا کہتے ہیں قوم ان کا یہ منہوس بیانیہ ان کے منہ پر مارے گی۔