شفا ء انٹرنیشنل سے منسلک ’’ای۔ شفاء‘‘تصدیق کا اعزاز حاصل کرنے والا 25واں ادارہ بن گیا

جمعہ 13 نومبر 2020 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2020ء) شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے منسلک ادارے شفا انٹگریٹڈ ہیلتھ ٹیکنالوجی (ایس آئی ایچ ٹی) نے وسطی اور جنوبی ایشیا کے خطے میں گھر کی سطح پر عالمی معیار کی خدمات مہیا کرنے والے پہلا تصودیق شدہ ادارہ ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ ادارے کو جائنٹ کمیشن آرگنائزیشن، جو صحت کے شعبے میں مؤقر عالمی ادارہ ہے، کی طرف سے حاصل ہونے والے اس اعزاز کا باقاعدہ اعلان ’ای شفا ہوم ہیلتھ سروسز‘ کی انتظامیہ نے یہاں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا۔

ادارے کو یہ اعزاز صحت کے شعبے کی خدمات میں 1000سے زیادہ معیارات کی تکمیل کے اعتراف میں دیا گیا۔  جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق شفاء انٹرنیشنل کے چئیرمین ڈاکٹر منظور ایچ قاضی نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہا کہ ’ای۔

(جاری ہے)

شفاء‘ کی یہ کاوش انتہائی لائق تحسین ہے اور پاکستان بھر کے لیت باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کاوش کی بدولت پاکستان کا نام اس شعبے کے اہم ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو صحت کے شعبے میں اس وقت کئی بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے جن سے عہدہ برآ ہونے کے لیے ہمیں اس نوعیت کے اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ ای شفاء کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر ذیشان بن اشتیاق نے پاکستان میں صحت کے شعبے کی مجموعی صورت حال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے کی روایتی سہولتوں پر بوجھ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر ان حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں خدمات میں جدت لانی ہو گی اور ایسے اقدامات کرنے ہوں گے جس سے ہم عوام کو سہولت پہنچا سکیں اور صحت کی سہولتوں تک رسائی کے حوالے سے ان کی تکالیف میں کمی لا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ای۔شفا‘ کے تحت مہیا کی جا رہی ان سہولتوں کو پہلے ہی زبردست عوامی پزیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ ای شفا ء کے چیف ایگزیکٹو آفیسر تیمور شاہ نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ ’ای شفا‘ کی یہ کامیابی ایک ایسے موقع پر بے حد اہمیت کی حامل ہے جب کورونا وائرس آنے کے بعد دنیا بھر میں صحت کے حوالے سے متبادل خدمات کی فراہمی پر توجہ بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پیش نہ صرف صحت کی خدمات کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنا ہے بلکہ صارفین کے لئے باکفایت سہولت کو یقینی بنانا بھی ہمارے اہم مقاصد میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل دنیا بھر میں صرف 24 اداروں کو جائنٹ کمیشن آرگنائزیشن کی جانب سے تصدیق شدہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔