لاہور لاری اڈے پر محض 100روپے کا جھگڑا ، گارڈ نے مینیجر کی جان لے لی

ملزم لاری اڈا بس سٹینڈ پر سکیورٹی گارڈ ہے جس نے صرف 100 روپے کی حقیر رقم کے جھگڑے پر فائرنگ کردی ، فائر اڈا مینیجر جاوید کے گلے کے نیچے لگا جس سے وہ جان بحق ہوگیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 21 نومبر 2020 14:22

لاہور لاری اڈے پر محض 100روپے کا جھگڑا ، گارڈ نے مینیجر کی جان لے لی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 نومبر2020ء) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں لاری اڈا پر محض 100 روپے کے جھگڑے پر گارڈ نے فائرنگ کرکے اڈا منیجر کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈولفن فورس کی ٹیم کی نے لاری اڈہ کی طرف سے آنے والی شدید فائرنگ کی آوازوں پر فوری کاروائی کی تو معلوم ہوا کہ ملزم عبدالخالق نے لاری اڈا بس سٹینڈ کے مینجر جاوید کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا ، اڈا مینجر جاوید کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا اور خالق حقیقی سے جا ملا۔

بتایا گیا ہے کہ ڈولفن فورس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالخالق کو گرفتار کر کے اسلحہ بھی قبضہ میں لے لیا ملزم لاری اڈا بس سٹینڈ پر سکیورٹی گارڈ ہے جس نے صرف 100 روپے کی حقیر رقم کے جھگڑے پر فائرنگ کردی ، ملزم کا فائر اڈا مینیجر جاوید کے گلے کے نیچے لگا جس سے مقتول جان بحق ہوگیا۔

(جاری ہے)

ایک اور واقعے میں ٹک ٹاک کے شوق نے سکیورٹی گارڈ کی جان لے لی ، مذکورہ واقعہ کراچی کے علاقہ گلستان جوہر میں پیش آیا جہاں سیکیورٹی گارڈ سر پر پستول رکھ کر ٹک ٹاک ویڈیوبنارہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

دوسری طرف علماء کمیٹی نے قائد آباد میں بینک منیجر عمران حنیف کو قتل کرنے والے سیکیورٹی گارڈ کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کردیا ، قائد آباد میں سیکیورٹی گارڈ کے ہاتھوں بینک منیجر عمران حنیف کے قتل کے بعد ڈی پی او نے تحقیقات کے لیے 7 رکنی علماء کمیٹی قائم کی تھی جس میں تمام مکاتبِ فکر کے عالم دین شامل تھے۔ کمیٹی نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا کہ مقتول عمران حنیف گستاخی کا مرتکب نہیں ہوا تھا ، کمیٹی نے اپنے فیصلے میں مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی غیرجانبدارانہ اورشفاف تحقیقات کرکے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس قسم کا جھوٹا الزام لگا کر نقضِ امن کی کوشش نہ کرے۔