نرسری سے آٹھویں جماعت تک طلبا کو پاس کرنے کا فارمولا جاری کر دیا گیا

اگلی جماعت میں ترقی اب ہوم ورک کی بنیاد پر ہو گی۔ محکمہ اسکولز ایجوکیشن پنجاب کا فیصلہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 24 نومبر 2020 10:58

نرسری سے آٹھویں جماعت تک طلبا کو پاس کرنے کا فارمولا جاری کر دیا گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 نومبر 2020ء) : کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر گذشتہ روز وفاقی حکومت نے تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اب نرسری سے آٹھویں جماعت تک کے طلبا کو پاس کرنے کا فارمولا جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اسکولز ایجوکیشن پنجاب نے نرسری تا آٹھویں جماعت تک بچوں کو پاس کرنے کا فارمولا جاری کر دیا ۔

محکمہ اسکولز ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ اگلی جماعت میں ترقی اب ہوم ورک کی بنیاد پر ہو گی۔ نرسری سے پنجم جماعت کا ہوم ورک بچوں کو جاری کردیا گیا ہے۔ ایلیمنٹری کلاسز کا ہوم ورک 26 نومبر تک جاری کردیا جائے گا۔ ہوم ورک مکمل نہ کرنے پر بچے کواگلی جماعت میں پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔ نویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات مئی یا جون میں ہوں گے۔

(جاری ہے)

کورونا وبا کے پھیلاؤ میں اضافے کے سبب تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں ایک بار پھر معطل کردی گئی ہیں۔ لیکن امتحانات کے حوالے سے فیصلہ صوبائی وزارتوں پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز وفاقی حکومت نے تعلیمی ادارے ایک ماہ کے لیے بند کرنے کی تجویز دی جس سے تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم نے اتفاق کیا۔ جس کے بعد 25 نومبر سے 10 جنوری تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 دسمبر سے 10جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔ تعلیمی اداروں میں بچے نہیں آئیں گے۔ بچے گھر بیٹھ کر تعلیم جاری رکھیں گے۔11 جنوری کو تمام تعلیمی ادارے دوبار کھول دئیے جائیں گے۔ شفقت محمود نے مزید کہا کہ 26 نومبر سے 24 دسمبر تک ہوم لرننگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔26 نومبر سے پاکستان کے تمام تعلیمی ادارے سے آن لائن کلاسز لے سکتے ہیں۔

اسکول کالجز، یونیورسٹیز، ٹیوشن سینٹرز سب بند ہوں گے۔11 جنوری کو تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے سے قبل کورونا وبا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔جنوری کے پہلے ہفتے میں رویو سیشن ہو گا۔ ہاسٹلز میں ایک تہائی طلبہ کو رہنے کی اجازت ہو گی، بورڈ کے امتحانات مارچ اور اپریل کے بجائے مئی اور جون میں ہوں گے۔