مانسہرہ شہر میں جاری بارش اور ناران اور کاغان میں پڑنے والی برف باری سے موسم شدید سرد ہو گیا

منگل 24 نومبر 2020 19:16

مانسہرہ۔24نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24نومبر2020ء) :مانسہرہ شہر میں جاری بارش اور ناران اور کاغان میں پڑنے والی برف باری سے موسم شدید سرد ہو گیا ہے، گذشتہ روز سے شہر میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد شہر میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے جبکہ ناران اور کاغان میں پڑنے والی برف باری سے وہاں کی رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں، ناران اور کاغان میں ٹھہرے ہوئے سیاحوں کو وہاں سے نکلنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے، کے ڈی اے نے مین سڑک کی بحالی کیلئے کام شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا شروع ہونے والا یہ سلسلہ آئندہ تین روز تک جاری رہے گا۔ مانسہرہ میں جاری بارش جبکہ ملحقہ پہاڑوں پر وقفہ وقفہ سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے، پہاڑی علاقوں کے تمام چوٹیوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے جس سے موسم شدید سرد ہو گیا ہے۔ سردی میں شدت کے اضافہ کے بعد مانسہرہ شہر کے بازاروں کی رونقیں ماند پڑ گئی ہیں جبکہ گرم کپڑوں و سویٹرز وغیرہ سمیت ڈرائی فروٹ کا کاروبار چمک اٹھا ہے۔ شہریوں نے اپنے آپ کو گرم رکھنے کیلئے سوپ،  یخنی، انڈوں اور کباب کا استعمال شروع کر رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :