بلاول کورونا کا شکار ، تمام پی ڈی ایم رہنماوں کو ٹیسٹ کرانے کی ہدایت

پشاور جلسے کے اسٹیج پر موجود لوگ اگر پختونخواہ میں ہیں تو ہیلپ لائن 1700 پر کال کریں ، ہمیں سب کی صحت کا خیال ہے اس لیے تمام ٹیسٹ مفت ہیں ، صوبائی وزیر صحت تیمور خان جھگڑا کا ٹوئٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 26 نومبر 2020 12:03

بلاول کورونا کا شکار ،  تمام پی ڈی ایم رہنماوں کو ٹیسٹ کرانے کی ہدایت
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 نومبر2020ء) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے پشاور جلسہ کے اسٹیج پر موجود تمام پی ڈی ایم رہنماوں کو اپنا ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کردی ، صوبائی وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے کے اسٹیج پر موجود تمام لوگ فوری طور پر اپنا ٹیسٹ کروائیں۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے لکھا کہ بلاول بھٹوزرداری کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں تاہم پی ڈی ایم کے پشاور جلسے کے اسٹیج پر موجود لوگ اگر پختونخواہ میں موجود ہیں تو وہ ہیلپ لائن 1700 پر کال کریں اور جلسے میں شریک افراد ریپڈ رسپانس ٹیم کے ذریعے اپنا ٹیسٹ کروائیں ، صوبائی حکومت کو سب کی صحت کا خیال ہے اس لیے تمام ٹیسٹ مفت ہیں۔

(جاری ہے)


واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی عالمی وباء کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ، ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا ، چیئرمین پیپلزپارٹی نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ انہیں معمولی علامات ہیں ، تاہم وہ گھر سے کام جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی جماعت پیپلزپارٹی کے فاوَنڈیشن ڈے کے موقع پر ویڈیولنک کے ذریعے سے خطاب کریں گے۔ اپنے پیغام میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماسک لازمی پہنیں اور کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاط بھی کی جائے۔