حکومت پہلےمیڈیکل کا انٹری ٹیسٹ ملتوی کرے پھر اپوزیشن کے جلسے بند کروائے، حامد میر

حکومت اپوزیشن کو جلسوں سے روکنے کا اخلاقی جواز کھو چکی، ان کی پالالیسیوں میں اختلاف کے باعث اپوزیشن کو فائدہ ہو رہا ہے: سنیئر صحافی

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 26 نومبر 2020 22:25

حکومت پہلےمیڈیکل کا انٹری ٹیسٹ ملتوی کرے پھر اپوزیشن کے جلسے بند کروائے، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 نومبر2020ء) سینئر صحافی حامد میر نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پہلے میڈیکل کا انٹری ٹیسٹ ملتوی کرے پھر اپوزیشن کو جلسوں سے روکے ۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ پہلے حکومت میڈیکل کا انٹری ٹیسٹ ملتوی کروائے تاکہ وہ اس اخلاقی پوزیشن میں آ سکے کہ اپوزیشن کے جلسے ملتوی کروانے کا حکم دے ۔

اپوزیشن اس وقت کسی مخمصے کا شکار نہیں ہے، البتہ حکومت شدید مخمصے کا شکار ہے ۔ حکومت ایک طرف جلسے رکوا رہی ہے تو دوسری جانب ڈیڑھ لاکھ بچوںکے امتحانات لے رہی ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ٹویٹر پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ میڈیکل کے طلبہ کو زبردستی کہا جا رہا ہے وہ NMDCAT ٹیسٹ میں 29 نومبر کو appear ہوں۔

(جاری ہے)

یہ ڈیڑھ لاکھ طلبہ نہیں ڈیڑھ لاکھ خاندانوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔

ان کی اور ان کے خاندانوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کا مقصد؟ مریم نواز کے اس ٹویٹ پر ٹویٹر صارفین نے کورونا کو لے کر دوہرا معیار رکھنے پر انہیں خوب تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر ایک ٹیسٹ دینے سے طلبا اور ان کے اہل خانہ کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں تو پھر پی ڈی ایم کے جلسے جلوسوں کے بارے میں آپ کا خیال ہے ؟ کورونا کی صورتحال پر آپ کا دوہرا معیار کُھل کر سامنے آ گیا ہے، آپ حکومت پر تنقید کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔

دوسری جانب خاتون صحافی مہر بخاری نے مریم نواز کو پی ڈی ایم جلسوں کی یاد بھی دلا دی اور کہا کہ آپ نے بالکل درست کہا۔ یہی منطق جلسوں اور ریلیوں پر بھی لاگو ہوتی ہے ۔ جلسوں میں شرکت کرنے والے افراد کے خاندانوں کی زندگیوں کو بھی خطرہ ہو سکتا ہے ، ایسا نہیں ہے کہ نوجوانوں کی کورونا کے باعث اموات نہیں ہو رہیں۔ مہر بخاری نے کہا کہ پی ڈی ایم کو جلسے جلوسوں کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہو گا ورنہ آپ بھی وہی کام کریں گے جس پر آپ آج تنقید کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ملک بھر میں کورونا کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر اپوزیشن کو جلسے جلوس نہ کرنے کی ہدایات کی گئی تھیں لیکن اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے ایک نہ سنی ، جس کے بعد حال ہی میں پشاور میں پی ڈی ایم کے جلسے کے بعد چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کورونا میں مبتلا ہو گئے ۔ بلاول بھٹو کی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ پازیٹو آنے کے بعد پی ڈی ایم جلسے میں اسٹیج پر موجود افراد کو بھی ٹیسٹ کروانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔