کورونا وائرس سے بچائوکے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کی ذمہ داری سب کی ہے ، پاکستان کی شرح نمو 2 فیصد سے زیادہ ہو گی، کرنٹ اکائونٹ سرپلس جا رہا ہے، وفاقی وزیر حماد اظہر

جمعہ 27 نومبر 2020 21:49

کورونا وائرس سے بچائوکے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کی ذمہ داری سب کی ..
اسلام آباد۔27نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27نومبر2020ء) :وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچائوکے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کی ذمہ داری سب کی ہے بالخصوص سیاسی قائدین کو زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، پاکستان کی شرح نمو 2 فیصد سے زیادہ ہو گی، موجودہ حکومت میں کرنٹ اکائونٹ سرپلس جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جلسے یا بڑے عوامی اجتماع کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کا سبب بن سکتے ہیں، بھارت میں دیوالی کے تہوار کی وجہ سے کورونا پچاس فیصد بڑھ گیا، ملتان جلسہ اگر ہوتا ہے تو اس میں بھی یہی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شہروں سے لوگ ایک جگہ جمع ہوتے ہیں اور اس طرح کے ایونٹس ”سپر سپریڈر ایونٹس“ بن سکتے ہیں اور اس سے کورونا کے پھیلائومیں بہت زیادہ اضافہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشت متاثر ہوئی ہے، پاکستان میں بہتر اقدامات کئے گئے اور ہماری شرح نمو بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا صنعتی شعبہ ترقی کی جانب گامزن ہے، امید ہے کہ پاکستان کی شرح نمو 2 فیصد سے زیادہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے باوجود پاکستان کی برآمدات نہیں گری، حکومت کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ (ن) لیگ کے دور میں کرنٹ اکاﺅنٹ اس حد تک لے جایا گیا کہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا جبکہ موجودہ حکومت میں کرنٹ اکائونٹ سرپلس جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ءمیں جب پی ٹی آئی کی حکومت اقتدار میں آئی تو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر ساڑھے 14 ارب ڈالرز تھے اور اب وہ بڑھ کر 20 ارب ڈالرز ہو گئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ہمارے ساتھ باقاعدہ رابطے میں ہیں اور پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ریونیو کے اہداف کو پورا کر رہے ہیں، صنعت کا پہیہ چلتا ہے تو ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں آسانی ہوتی ہے، وبائی صورتحال کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشت متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکلر ڈیٹ ختم کرنے کے لئے بھی حکومت اقدامات کر رہی ہے۔

بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں حماد اظہر نے کہا کہ غریب صارف کو ٹارگٹ سبسڈیز کے ذریعے ریلیف فراہم کریں گے، ہم عام آدمی اور صنعت دونوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اشیاءخورد و نوش کی قیمتوں میں کمی ہوگی، گندم کی قیمت میں بھی واضح کمی ہوئی ہے، چینی کی قیمت دو ہفتوں میں 16 روپے کم ہوئی ہے۔