اپوزیشن جماعتیں اپنے جلسے ملک اور عوام کے وسیع تر مفاد میں کورونا کی دوسری لہر کے ختم ہونے تک ملتوی کر دیں، معاون خصوصی برائے امور نوجوانان

جمعہ 27 نومبر 2020 23:28

اپوزیشن جماعتیں اپنے جلسے ملک اور عوام کے وسیع تر مفاد میں کورونا کی ..
اسلام آباد۔27نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27نومبر2020ء) :وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو کورونا وائرس جیسے وبائی مرض کی حساسیت کا احساس کرتے ہوئے اپنے جلسوں کو ملک اور عوام کے وسیع تر مفاد میں کورونا کی دوسری لہر کے ختم ہونے تک ملتوی کر دینا چاہیے، اپوزیشن کو موجودہ وبائی صورتحال میں جلسے کرکے لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے سے گریز کرنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایس او پیز پر عمل کریں اور عوامی اجتماعات میں شرکت کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مختلف حربے استعمال کرکے حکومت پر دبائو ڈالنا چاہتی ہے لیکن وہ اپنی کوشش میں ناکام ہوں گی۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے کہا کہ کورونا کی پہلی لہر میں بھی ہم سمارٹ لاک ڈائون کی بات کرتے رہے، پوری دنیا کورونا کی پہلی لہر کے دوران پاکستان کی پالیسیوں کی معترف ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ میڈیا نے لوگوں میں کورونا وائرس کے خطرے سے آگاہی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملتان میں پابندی کے باوجود ریلیاں نکالی جاتی ہیں، ڈی سی کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیں اور ایس ایچ او کو برا بھلا کہیں، ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے تو ظاہر بات ہے گرفتاریاں ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی پر گرفتاری ہوتی ہے تو اپوزیشن والے اس کو سیاست سے جوڑ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کے 70 فیصد ہسپتال کورونا وائرس کے مریضوں سے بھرے ہوئے ہیں اور ملتان میں کورونا وائرس کے پھیلائو کا تناسب 17 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے احتیاط کرنی چاہیے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا چاہیے۔