شاہد آفریدی کا 23 سال قبل بنایا گیا ریکارڈ آج بھی بھارتی بلے بازوں کی پہنچ سے دور

ہارک پانڈیا نے 857 گیندوں پر 1000 ون ڈے رنز مکمل کیے،سابق پاکستانی کپتان نے یہی ہندسہ صرف 834 گیندوں پر عبور کیا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 28 نومبر 2020 15:38

شاہد آفریدی کا 23 سال قبل بنایا گیا ریکارڈ آج بھی بھارتی بلے بازوں کی ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 نومبر 2020ء ) 23 سال قبل بنایا گیا شاہد آفریدی کا ریکارڈ آج بھی بھارتی بلے بازوں کی پہنچ سے دور ہے۔ بھارتی جارح مزاج بیٹسمین ہاردک پانڈیا بھی قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کم ترین گیندوں میں 1000 ون ڈے رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ نہیں توڑ سکے ۔ شاہد آفریدی نے 1997ء میں صرف 834 گیندوں پر تیز ترین ایک ہزار انٹرنیشنل رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا جسے آج کی تیز کرکٹ میں بڑے بڑے بھارتی نام بھی توڑنے میں ناکام رہے ہیں ۔

ہاردک پانڈیا نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں 76 گیندوں پر 90 رنز کی باری کھیلی اور اس دوران کم ترین گیندوں پر 1000 ون ڈے رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہوگئے لیکن شاہد آفریدی کا ریکارڈ پھر بھی نہ توڑ سکے ۔ انہوں نے 1000 ون ڈے رنز مکمل کرنے کے لیے 857 گیندوں کا سامنا کیا جبکہ شاہد آفریدی نے یہی ہندسہ صرف 834 گیندوں پر عبور کیا تھا۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کے مڈل آرڈر بیٹسمین گلین میکسویل بھی آفریدی کے مقابلے میں پیچھے رہ گئے، انہوں نے 867 گیندوں پر تیز ترین 1000 رنز مکمل کیے۔ اس فہرست میں پہلا نمبر ویسٹ انڈین آل رائونڈر آندرے رسل کا ہے جنہوں نے صرف 767 گیندوں میں 1000 ون ڈے رنز مکمل کیے تھے، سابق کیوی و آسٹریلین وکٹ کیپر بلے باز لیوک رونکی 807 گیندوں میں 1000 رنز مکمل کرکے اس لسٹ میں دوسری پوزیشن پر موجود ہیں جب کہ شاہد آفریدی کا تیسرا نمبر ہے، نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن 854 گیندوں میں 1000 رنز بنا کر چوتھے جب کہ ہارک پانڈیا اس فہرست میں 5ویں نمبر پر ہیں، برطانوی وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر 860 گیندوں میں 1000 رنز سکور کرکے چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ گلین میکسویل کا 7واں نمبر ہے، ویسٹ انڈیز کے شیمرون ہیٹمائر 915 گیندوں پر 1000 رنز بنا کر 8ویں پوزیشن پر براجمان ہیں ، سری لنکن آل رائونڈر تھیسارا پریرا 926 گیندوں پر 1000 رنز مکمل کرکے 9ویں پوزیشن پر موجود ہیں، بھارت کے کیدھر جادھو 937 گیندوں پر 1000 رنز سکور کرکے 10 ویں پوزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کے کولن منرو 943 گیندوں پر 1000 ون ڈے رنز مکمل کرکے 11 ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

شاہد آفریدی کا 23 سال قبل بنایا گیا ریکارڈ آج بھی بھارتی بلے بازوں کی ..