کویتی پولیس اہلکار کی جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون کو انصاف مل گیا

عدالت نے ملزم کو کو عمر قید کی سزا سُنا دی، متاثرہ خاتون بڑی رقم حاصل کرنے کے بعد وطن لوٹ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 1 دسمبر 2020 16:49

کویتی پولیس اہلکار کی جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون کو انصاف ..
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم دسمبر2020ء) کویت میں ایک پولیس افسر نے فلپائنی خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالاتھا اور پھر اپنے جُرم کا ثبوت مٹانے کے لیے اسے چاقو کے متعدد وار سے شدید زخمی کر کے سوچا تھا کہ شایدوہ مر چکی ہے تاہم اس فلپائنی لڑکی کی قسمت اچھی تھی جو اس قاتلانہ حملے سے بچ گئی۔ فلپائنی لڑکی کو شدید زخمی حالت میں صحرائی علاقے سے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

جہاں وہ کئی ہفتے زیر علاج رہنے کے بعد مکمل صحت یاب ہو گئی تھی۔ یہ واقعہ اکتوبر 2012ء میں پیش آیا تھا۔بالآخر 2 سال بعد میریسا کو انصاف مل گیا جب عدالتی کی جانب سے ٹریفک پولیس اہلکار کو عدالت نے سزائے موت سُنا دی تھی۔ تاہم ملزم کی جانب سے اپیل کے بعد اس کی سزا کو عمر قید میں بدل دیا گیا ۔

(جاری ہے)

35سالہ میریسا انصاف ملنے پر بہت خوش تھی۔ اب میریسا نے کویت کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنے تین سو ساتھیوں کے ہمراہ وہ فلپائن واپس روانہ ہو گئی۔ اس موقع پر اس کا کہنا تھا کہ میں کویت کو خیر باد کہتے وقت اُداس ہوں اور ساتھ میں میری ایک اور طرح کی کیفیت بھی ہے۔ یہاں پر میرے ساتھ میری زندگی کا ہولناک ترین واقعہ پیش آیا تھا۔ جس میں میرے بچنے کی کوئی اُمید نہیں تھی۔ بس خدا کی مرضی سے میں زندہ رہ گئی ہوں۔ میں بہت خوش ہوں کہ مجھے یہاں پر انصاف دلانے کے لیے حکومت سمیت کئی شخصیات نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

جن میں انسانی حقوق کی ورکر اور اٹارنی شیخہ فوزیہ الصباح بھی شامل ہیں۔ جنہوں نے میرا کیس مفت میں لڑاا ور مجھے بھرپور انصاف دلایا۔ اس کے علاوہ کویت میں قائم فلپائنی سفارت خانے، سفیر محمد نور الدین پیندوسینا لومن دوت نے بھی مجھے ہر موقع پر بھرپور معاونت اورساتھ فراہم کیا۔ اور ہر وہ بندہ جس نے انصاف دلانے میں میری مدد کی، اس کی بھی شکر گزار ہوں۔ واضح رہے کہ میریسا کو اس مقدمے میں ایک بڑی رقم بھی دلوائی گئی۔ جو اس کی زندگی بھر کی کفالت کے لیے کافی ہو گی۔