سندھ ہائیکورٹ،سابق صدر پاکستان عارف علوی کے بینک اکائونٹس منجمد کرنے کیخلاف درخواست کی مزیدسماعت 2 دسمبر تک ملتوی

منگل 21 اکتوبر 2025 17:35

سندھ ہائیکورٹ،سابق صدر پاکستان عارف علوی کے بینک اکائونٹس منجمد کرنے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2025ء) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے سابق صدر پاکستان عارف علوی کے بینک اکائونٹس منجمد کرنے کیخلاف درخواست کی مزیدسماعت 2 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔منگل کوسندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں سابق صدر پاکستان عارف علوی کے بینک اکائونٹس منجمد کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن کے تفتیشی افسر عدالت میں پیش نا ہوسکے۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ کیس چلاکر اس کا جلد فیصلہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تفتیشی افسر موجود نہیں ہے فریقین کو سن کر کیس کا فیصلہ کریں گے۔ وکیل نے موقف دیا کہ عدالت کا رویہ مناسب نہیں ہے کیس سن کر فیصلہ کیا جائے۔ جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیئے کہ کسی کو متاثر کرنا ہے تقریر کرنی ہے تو باہر جاکر کریں۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ عدالت کا رویہ کسی مہذب معاشرے جیسا نہیں ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہم تو ایسے ہی چلائیں گے۔ عدالت نے مزید سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کردی۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ درخواستگزار اور فیملی کے تمام بنک اکانٹ بند کردیئے گئے۔ اکاونٹ بند ہیں سارے پیسے پھنسے ہوئے ہیں، روز مرہ کے امور متاثر ہو رہے ہیں۔