ٹک ٹا ک کے منفی پہلوئوں کے پیش نظر والدین اپنا کردار ادا کریں، حنید لاکھانی

منگل 1 دسمبر 2020 17:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے روزانہ کی بنیادوں پر ٹک ٹاک اسٹارز سے اتفاقیہ گولی چل جانے جیسے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں ٹک ٹاک کا بڑہتا ہوا جنون لمحہ فکریہ ہے ، ابھی حال میں ہی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں ٹک ٹاک کی ویڈیو بناتے ہوئے سیکورٹی گارڈ اتفاقیہ گولی چل جانے سے جان کی باز ی ہار گیا جو کہ گزشتہ دس روز میں دوسرا واقعہ ہے ، ایسے واقعات کی روک تھام کرنا نہایت ضروری ہوگیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ آئے روز ٹک ٹاک کے حوالے عجیب عجیب خبریں سننے کو ملتی ہیں، ٹک ٹاک کے جنون میں کم عمر نوجوان موٹر سائیکل رائیڈر بھی موت کے کھیل سے کھیل رہے ہیں ، ٹک ٹاک جیسی ایپلیکشنز کے منفی پہلوئوں اور نقصانات کے پیش نظر والدین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تا کہ نوجوان نسل سنگین جرائم میں ملوث ہونے سے محفوظ رہے، انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک ایپلیکشن کو تعلیمی ، اصلاحی، ہنسی مزاح اور انفارمیشن کے حوالے سے ویڈیوز بنا کر استعما ل کیاجائے تو اس کے مثبت نتائج آئیں گے، والدین اپنے بچوں کو سکھائیں اور بتائیں کہ ٹیکنالوجی اور جدیدت کو معاشرتی ترقی اور بہتری کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں کے لیئے استعمال کریں ، اس کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں کو بھی چاہیئے کہ وہ متعلقہ اداروں کو پابند بنائیں کہ کس ایپ کی معاشرے میں مثبت اور کسے منفی نتائج زیادہ آرہے ہیں اور جس اپیلیکشن کے منفی نتائج آ رہے ہوں اس کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی جائے اور اس ایپ کو استعمال کرنے والوں کو بتایا اور سمجھایا جائے کہ ایک مہذب اور ذمہ دار شہر ی ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی اخلاقی اور معاشرتی ذمہ داریوں کوسمجھیں اور معاشرے کی اصلاح و بہتری کے لیئے مثبت کردار ادا کریں ، انہوں نے مزید کہا کہ ٹک ٹاک سمیت تمام ایسی سماجی رابطے کی ایپلیکشنز کے حوالے سے متعلقہ ادارے صوبائی سطح پر آگاہی مہم چلائیں تا کہ اس کے بہتر نتائج آئیں۔