جماعة الدعوة کے تین رہنماؤں کو ایک اور مقدمہ میں سزائیں سنادیں

بدھ 2 دسمبر 2020 19:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2020ء) انسداد دہشت گردی عدالت نے جماعة الدعوة کے تین رہنماؤں کے خلاف ایک اور مقدمہ میں سزائیں سنادیں۔پروفیسر ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد کو ساڑھے پندرہ، پندرہ سال جبکہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اے ٹی سی کورٹ نمبر 3 کے جج اعجاز احمد بٹر کی عدالت میں سی ٹی ڈی کی طرف سے فیصل آباد میں درج مقدمہ نمبر 42/19کی سماعت ہوئی جس میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ اور جرح کے بعد فیصلہ سنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گواہوں کے بیانات پر حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کے وکیل نصیرالدین نیئر اور محمد عمران فضل گل ایڈووکیٹ کی طرف سے جرح کی گئی۔ عدالت نے زیرسماعت دیگر مقدمات کی سماعت آج 3 دسمبر تک کیلئے ملتوی کی ہے۔ بعدازاں انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 1 کے جج ارشد حسین بھٹہ کے روبرو بھی جماعةالدعوة کے رہنماؤں کو پیش کیا گیا جہاں مقدمہ نمبر 88/19 اور 23/19 کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں زیر سماعت دونوں مقدمات میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ جماعة الدعوة کے رہنماؤں کے خلاف سی ٹی ڈی کی طرف سے کل اکتالیس مقدمات درج ہیں جن میں سے پچیس کے فیصلے ہو چکے ہیں جبکہ باقی اے ٹی سی عدالتوں میں زیرسماعت ہیں۔