پی ایس ایل 3 میں چند میچز خراب جانے پر شاہین آفریدی لاہور قلندرز کے مالک کو پیسے واپس کرنے آگئے تھے:عاقب جاوید

شاہین کو تسلی دی کہ ہر ایک کے میچز خراب جاتے ہیں، بعد میں چانس دیا تو انہوں نے ملتان سلطانز کیخلاف 5 شکار کرڈالے: کوچ لاہور قلندرز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 4 دسمبر 2020 17:16

پی ایس ایل 3 میں چند میچز خراب جانے پر شاہین آفریدی لاہور قلندرز کے مالک ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 دسمبر 2020ء ) لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے انکشاف کیا ہے کہ پی ایس ایل 3 میں چند میچز خراب جانے پر شاہین آفریدی لاہور قلندرز کے مالک کو پیسے واپس کرنے آگئے تھے ۔ ایک انٹرویو میں عاقب جاوید کہا کہنا تھا کہ وہ آئی سی سی اکیڈمی ،دبئی میں فیلڈرز کو کیچنگ پریکٹس کروارہے تھے جب انہوں نے دیکھا کہ شاہین آفریدی گیند کی جانب جانے میں بابر بار دیر کررہا ہے، ہم نے اس سے پوچھا کہ کیا نظر کمزور ہے تو اس نے بتایا کہ تھوڑا مسئلہ ہے لیکن وہ اسی کے ساتھ کھیلتے ہیں ۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ شاہین کو ڈاکٹر سے چیک اپ کروایا تو ایک آنکھ کا نمبر 5.6 اور دوسری کا 2.5 تھا، ہمیں حیرانی ہوئی کہ شاہین آفریدی اس حال میں کیسے کرکٹ کھیلتا ہے، ہم نے اس کے لیے لینز بنوائے جو مجھے یا فزیو کو لگانے نہیں آتے تھے ،ہم نے ایک لڑکے کو کہا جس نے 15 منٹ لگا کر مشکل سے لینز لگائے، ہم نے شاہین سے پوچھا کہ اب اسے کیسا نظر آرہا ہے تو اس نے جواب دیا کہ اب تو نظر آنا بند ہوگیا ہے اور آنکھوں سے پانی بھی آرہا ہے۔

(جاری ہے)

عاقب جاوید کے مطابق شاہین کو ڈاکٹر کے پاس لیکر گئے تو اس نے بتایا کہ غلطی سے دونوں لینسز ایک ہی آنکھ میں ڈال دیئے گئے ہیں،اس نے لینسز ٹھیک طرح سے لگائے ، لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا نے بتایا کہ انہیں حیرت ہے کہ شاہین آفریدی اس خراب نظر کے ساتھ انڈر 19 ورلڈ کپ کھیل آئے ۔عاقب جاوید کا مزید کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کے لاہور قلندرز کے لیے پہلے 2 یا 3 میچز بہت خراب گئے، اس وقت وہ نو عمر تھا، ایک دن چیک ہاتھ میں لیے میرے پاس آکر بولا کہ مجھے رانا صاحب سے ملوا دیں ،میں نے انہیں پیسے واپس کرنے ہیں کیوں کہ میری پرفارمنس بہت خراب رہی ہے، عاقب جاوید کے مطابق انہوں نے شاہین کو تسلی دی کہ ہر ایک کے میچز خراب جاتے ہیں، وہ 1،2 میچز میں آرام کریں ، انہیں مستقبل میں سپر سٹار بن کر دکھانا ہے۔

عاقب جاوید کے مطابق انہوں نے سلمان ارشاد کو 2 میچز کھلانے کے بعد شاہین آفریدی کو چانس دیا جنہوں نے ملتان سلطانز کے خلاف 5 شکار کرڈالے۔