کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر لاہور کے اسپتالوں کو ہنگامی الرٹ جاری

محکمہ صحت پنجاب نے ایکسپو فیلڈ اسپتال کو دوبارہ فعال کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 5 دسمبر 2020 11:52

کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر لاہور کے اسپتالوں کو ہنگامی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 دسمبر 2020ء) : کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر لاہور کے بڑے اسپتالوں کو ہنگامی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے سبب لاہور کے بڑے اسپتالوں کو ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ صحت پنجاب نے اس ضمن میں ایک نوٹی فکیشن بھی جاری کیا جس میں ایکسپو فیلڈ اسپتال کو دوبارہ فعال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر 2 کو کورونا مریضوں کے لیے فوری فعال کردیا جائے، آکسیجن کی کمی کا سامنے کرنے والے مریض فیلڈ اسپتال میں داخل ہوں گے۔ لاہور کے 4 بڑے اسپتالوں کو ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس اور آئی سی یو فعال رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

مراسلہ کے مطابق میو اسپتال، سروسزاسپتال، جناح اسپتال اور لاہور جنرل اسپتال کو کورونا کیسز کے لیے تیا رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر بے قابو ہو گئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے 44 اموات ہوئیں جبکہ 3119 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 303 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 13 ہزار 191 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 119 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 22 ہزار 293، سندھ میں ایک لاکھ 80 ہزار 940، خیبر پختونخوا میں 48 ہزار 683، بلوچستان میں 17 ہزار 392، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 708، اسلام آباد میں 31 ہزار 992 جبکہ آزاد کشمیر میں 7 ہزار 219 کیسز رپورٹ ہوئے۔

کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنے ، ماسک کا استعمال کرنے اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی تلقین کی گئی ہے۔