دُبئی میں خاوند نے بیوی پر مالی گھپلے کا الزام لگا دیا

عدالت نے شوہر کا انسٹاگرام اور سنیپ چیٹ اکاؤنٹ بلاک کرنے والی بیوی کو قصور وار ٹھہرا کر بھاری جرمانہ کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 9 دسمبر 2020 17:44

دُبئی میں خاوند نے بیوی پر مالی گھپلے کا الزام لگا دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9دسمبر2020ء) دُبئی میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کے خلاف انوکھی حرکت کر ڈالی جس پر ناراض شوہر نے بیوی کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ عدالت نے مُدعی کی بیوی کو قصور وار قرار دے کر بھاری جرمانہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اماراتی عدالت نے اپنے شوہر کا انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ اکاوٴنٹ بلاک کرنے والی بیوی پر 5 ہزار درہم کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

استغاچی کے مطابق اماراتی ریاست راس الخیمہ میں ایک شخص نے رپورٹ درج کرائی کہ اس کی اہلیہ نے اس کا کاروباری انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ بلاک کردیا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے مساج سنٹر کی ویب سائٹ تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہا۔چونکہ اس کی بیوی اسے کاروباری لحاظ سے نقصان پہنچانے کا باعث بن رہی ہے، اس لیے بیوی کے خلاف سائبر کرائم کی دفعات کے تحت مقدمہ چلایا جائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اہلیہ کا دعویٰ تھا کہ وہی ان سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مالک ہے۔ جبکہ شوہر کا کہنا تھا کہ دراصل مساج سینٹر اس کا تھا، اس نے اپنی بیوی کو اسی مساج سینٹر میں مینجر کی پوسٹ دی تھی اور اس کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بیوی ہی چلاتی تھی جوخاوند نے اپنے نمبر سے بنائے تھے۔ تاہم اس کی اہلیہ نے مساج سنٹر کی آمدنی میں گھپلا کیا جس کا راز فاش ہونے پر اس نے خود کو بچانے کی خاطر سوشل میڈیا اکاؤنٹس مکمل طور پر بند کرنے کی دھمکی دے دی۔

عدالت کی جانب سے سائبر کرائم کے محکمے کو تحقیقات کا حکم دیا گیا تو یہ بات سامنے آئی کہ انسٹا گرام اور سنیپ چیٹ کے اکاؤنٹس خاوند نے ہی بنائے تھے۔ تاہم اس کی بیوی نے ان تک رسائی ہونے کے باعث جان بوجھ کر انہیں بلاک کر دیا تھا تاکہ مساج سینٹر کا سارا انتظام اسی کے ہاتھ میں رہے اور گاہک صرف اسی سے رابطہ کریں۔