کراچی اور میرپور خاص کے درمیان چلنے والی مہران ایکسپریس کو بحال کردیا گیا

اتوار 20 دسمبر 2020 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2020ء) کراچی اور میرپور خاص کے درمیان چلنے والی مہران ایکسپریس کو بحال کردیا گیاہے۔سٹی اسٹیشن سے کراچی اور میرپورخاص کے درمیان چلنے والی مہران ایکسپریس کا افتتاح قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 226 حیدرآباد سے ایم کیوایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی صابر قائمخانی نے مسافروں کو الوداع کہہ کرکیا۔

کراچی سٹی سیروانہ ہونے والی مہران ایکسپریس کینٹ، ڈرگ روڈ، لانڈھی، جنگ شاہی، کوٹری، حیدرآباد، ٹندوجام اور ٹندو اللہ یار سے ہوتے ہوئے میرپورخاص پہنچے گی۔

(جاری ہے)

پہلی اور آخری منزل کے درمیان 250 کلومیٹر کا فاصلہ ساڑھے چار گھنٹوں میں مکمل ہوگا۔ 149 اپ کراچی سٹی سے دوپہر 3:55 بجے روانہ ہوکر رات 8:30 بجے میرپورخاص پہنچے گی جبکہ 150 ڈاون میرپورخاص سے صبح 5 بجے روانہ ہوکر دن میں 9:30 بجے کراچی سٹی پہنچے گی۔

مہران ایکسپریس 10 بوگیوں پر مشتمل ہے جن میں مجموعی طور 734 مسافروں کے سفر کرنے کی گنجائش ہے۔ تمام بوگیاں اکانمی کلاس کی ہیں۔ دو ماہ قبل 20 اکتوبر کو حیدرآباد اور میرپورخاص ٹریک کی سالانہ ڈی ایس اسپیشل انسپکشن کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد نے ڈی ایس کراچی سے مہران ایکسپریس کو بحال کرنے کی درخواست کی تھی۔