این اے 153 سے ممبر قومی اسمبلی چوہدری افتخار نذیر نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھیج دیا

ہفتہ 26 دسمبر 2020 21:07

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 دسمبر2020ء) چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار جہانیاں کے حلقہ این اے 153 سے ممبر قومی اسمبلی چوہدری افتخار نذیر نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھیج دیا انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ 2013 اور 2018 کے الیکشن میں اپنے اللہ اور حلقہ کی غیور عوام کی وجہ سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی میں اپنے خدا اور ووٹروں کا بے حد شکر گزار ہوں۔

لیکن ملک کی موجودہ بد حال معاشی صورتحال تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لینے بجلی گیس ادویات آٹا چینی سبزیاں جو کہ میرے عوام کی بنیادی ضروریات ہیں اُن کی قوت خرید سے باہر ہونے پر میں اور میری جماعت (مسلم لیگ ن) کی اعلیٰ قیادت یہ سمجھتی ہے کہ حکومت نالائق. نااہل اور وارداتیوں کا ٹولہ ملک پر بوجھ ہے اسے گھر جانا چاہیے اس لیے میرے تا حیات قائد میاں محمد نواز شریف اور صدر مسلم لیگ ن میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر موجودہ حالات میں ملک پاکستان اور قوم کے بہتر مستقبل کے لئے میں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے مجھے اپنی پارٹی قیادت پر پورا یقین ہے اور میں اپنی پارٹی کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہوں اور پارٹی ہر فیصلے کا مکمل طور پر پابند ہوں۔

(جاری ہے)

اور عوام کی خدمت کے لیے وہ ان کا خاندان ہمہ وقت موجود رہے گا۔